برازیلیا ، برازیل.... برازیل کے اس شمالی علاقے کی ایک مصروف شاہراہ پر لوگ ایک عجیب و غریب حادثہ دیکھ کر اس وقت حیران رہ گئے جب ایک موٹر سائیکل سوار جو بیحد تیزی سے اپنی بائیک چلا رہا تھا بائیک بے قابو ہونے کے بعدسامنے موجود پک اپ ٹرک کے نیچے جاگھسا۔ یہ ایک ایسا ہولناک حادثہ تھا جسے دیکھ کر لوگوں کے حواس اڑ گئے مگروہ جو کہتے ہیں کہ’’ جسے قدرت بچالے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا‘‘ ایسا ہی 42سالہ جوسی کلوروڈرگز کیساتھ پیش آیا کیونکہ وہ اتنے خوفناک حادثے کے باوجود محفوظ رہا جبکہ ایسے حادثات میں موت یقینی ہوتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق روڈرگز اپنے کام پر جارہا تھا اور اسی راستے سے گزر رہا تھا جس سے روز آمد ورفت کرتا تھا۔ حادثے کے بعداس نے بتایا کہ کام پر بروقت پہنچنے کیلئے وہ اپنی رفتار بالعموم تھوڑی بڑھا دیتا ہے مگر اس بار ایسا کرنا غلط ثابت ہوا اور وہ موت کے منہ میں جانے سے بال بال بچ گیا۔ اب اسکا کہنا ہے کہ وہ اس حادثے سے بچنے کو نئے سال کے موقع پر نئی زندگی کا تحفہ سمجھتا ہے اور خوش ہے۔ پک اپ ٹرک کے ڈرائیور کا کہناہے کہ اس نے سامنے کے گلاس میں موٹر سائیکل سوار کو دیکھ لیا تھا مگر سب کچھ اتنا آناً فاناً ہوا کہ اسکے لئے بھی ٹرک کو کنٹرول کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ پھر بھی اس نے جیسے تیسے کرکے گاڑی کو کنارے لگایا اور خوشی کی بات ہے کہ موٹر سائیکل سوار ٹرک کے نیچے آنے کے باوجود محفوظ رہا۔ حادثے کے بعد روڈرگز نے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ خود زندگی سے مایوس ہوچکا تھا اور ایک لمحے کے لئے یہ خیال نہیں آیا کہ اتنے بڑے حادثے کے بعد وہ زندہ بچ سکتا ہے۔