کیسی می، فلوریڈا .... عام لوگ تو گاڑیاں چوری کرتے ہیں جن میں سے بعض چور محض ایک جگہ سے دوسری جگہ مفت جانے کے چکر میں گاڑیاں چراتے ہیں اور جن کا ذہن زیادہ مجرمانہ ہوتا ہے وہ اسے اونے پونے بیچ کر اپنی جیب بھرتے ہیں۔ مگر یہاں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس میں اوبر ڈرائیور ڈھائی لاکھ ڈالر مالیت کی فراری سمیت پکڑا گیا۔ جسے اس نے ڈیلر کے شو روم سے چرایا تھا۔ راستے میں اتنی جدید کار کو دیکھ کر ٹریفک پولیس نے اسے روکا اور جب پوچھ گچھ کی کہ یہ کار کس کی ہے کیونکہ اب تک اس پر شو روم کا اسٹیکر لگا تھا جو بالعموم سودا طے ہونے کے بعداتار لیا جاتا ہے اس سوال پر ڈرائیور نے صریحا ً جھوٹ کا سہارا لیا اور کہا کہ یہ اسکے دوست کی کار ہے جسے وہ پہنچانے جارہا ہے۔ پولیس افسر نے اسے فوری طور پر گاڑی سے اترنے کو کہا اور پوچھ گچھ شروع کردی۔ مگر وہ ہزارسوال کے باوجود اس دوست کا نام یا فون نمبر نہ بتا سکا جسکی یہ کار ملکیت بتائی گئی تھی۔ اب پولیس نے اسے حوالات بھیج دیا ہے۔ اس پر ایک لاکھ ڈالر مالیت سے زیادہ کی کاریں چرانے کے نئے قانون کے تحت مقدمہ چلے گا۔