مولانا عباس کوکنی کا ایمان افروز خطاب ،نورالامین ابو احمد وصی نے روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کی تفصیلات بیان کیں
* * *رپورٹ : زمرد خان سیفی۔جدہ* * *
علمی و ادبی ادارے پاکستان رائٹرز فورم جدہ نے ہمیشہ بامقصد اور مثبت انداز میں تقریبات منعقد کی ہیں۔نئے نئے اور اچھوتے موضوعات کا انتخاب بھی فورم کے اراکین کی شاندار کاوش ہے۔گزشتہ دنوں جدہ میں پروفیسر محمد آصف کی رہائش پر ’’ حالاتِ حاظرہ ‘‘ کے عنو ان سے مولانا عباس کوکنی کے درسِ قران پر مشتمل ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف الخیال تنظیموں کے نمائندہ افراد نے شرکت کی ۔روہنگیا الخدمت کونسل کے نورالامین اور عالمی اُردو مرکز جدہ کے صدر اطہر نفیس عباسی نے بھی خصوصی شرکت کی۔
پاکستان رائٹرز فورم کے چیئرمین انجینیئر نیاز احمد نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور اپنے مختصر تمہیدی خطاب میں کہا کہ معروف عالمِ دین مولانا عباس کوکنی قران و حدیث کی روشنی میں حالاتِ حاضرہ کے حوالے سے اپنا درس پیش کریں اور برما میں روہنگیا کے مظلوم طبقے پر جاری ظلم و ستم کے حوالے سے نورالامین ابواحمد وصی مختصر الفاظ میں تفصیل بیان کریں گے۔
مولانا عباس کوکنی نے پاکستان رائٹرز فورم کے اراکین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور سورت النساء کی آیات مبارکہ پیش کرتے ہوئے اُن کا ترجمہ پیش کیا اور تفسیر بیان کی ۔
روہنگیا الخدمت کونسل کے ترجمان نورالامین ابوحمد وصی نے برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی دلدوز تفصیلات بیان کیں اور اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ اس وقت کم وبیش 10لاکھ روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش میں ہیں۔ بنگلہ دیش اور برما کے درمیان ایک معاہدہ طے ہوا ہے جس کے مطابق انہیں واپس برما بھیجا جائے گا لیکن تا حال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔
تقریب کے آخر میں مولانا عباس کوکنی نے اجتماعی دُعا کی۔