لوگوں کی خدمت اپنے لئے باعث اعزاز سمجھتا ہوں ،سابق قونصل احمد علی سروہی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے کہا ہے کہ قونصلیٹ جدہ کے سابق قونصل احمد علی سروہی کی مثالی خدمات نے انہیں کمیونٹی میں ہر دلعزیز رکھا۔ وہ حرمین سے سچی عقیدت رکھتے ہیں ۔ سروہی کے اعزازمیں منعقدہ عشائیہ تقریب میں اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شہباز حسین نے مزید کہا کہ سروہی جیسے افسران کمیونٹی کے لئے نعمت ہوتے ہیں ۔ انکی بے لوث خدمت کا نتیجہ ہے کہ انہیں جدہ سے گئے ہوئے 10برس سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے مگر وہ آج بھی لوگوں کے دلوں اور تذکروں میں رہتے ہیں ۔ سروہی جدہ کے بعد یمن میں تعینات ہوئے اب وہ برونائی دار السلام میں ڈپٹی ہائی کمشنرکے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ وہ جہاں بھی گئے اپنی خوش مزاجی اور ملنسار و خدمت گزار طبیعت کے باعث لوگوں کے قریب ہوگئے ۔ ہماری دعا ہے کہ وہ دوبارہ مملکت میں اعلی سفارتی خدمات پر فائز ہو ں تاکہ یہاں رہنے والی کمیونٹی کی بہتر سے بہتر خدمت کر سکیں ۔ مہمان خصوصی احمد علی سروہی نے میزبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حرمین کا تقدس ہر مسلمان کے دل میں ہے۔ میں خود کو اسلام کا ایک ادنیٰ خادم سمجھتا ہوں اور اسلام حقیقت میں انسانیت کا دین ہے۔ اس حوالے سے لوگوں کی خدمت کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے ۔ مملکت میں قیام کے دوران ہمیشہ یہ کوشش کی کہ ہم وطنوں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کر سکوں ۔ یہی جذبہ تھا کہ بیرون ملک ہم وطن کن مشکل حالات سے دوچار ہوتے ہیں اور اگر انہیں اپنی قونصلیٹ میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے تو یہ مناسب نہیں ۔واضح رہے سابق قونصل احمد علی سروہی 2003 میں جدہ قونصلیٹ میں متعین تھے انہو ںنے یہاں مختلف ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں جن میں پریس قونصل کے طور پر بھی کام کیا ۔ پاسپورٹ سیکشن میں انکی خدمات نمایاں رہیں ۔ اوقات کار کے بعد بھی وہ قونصلیٹ کے دروازے پر کھڑے ہو کر وہ لوگو ںکے مسائل حل کرتے دکھائی دیتے تھے ۔ یہی وجہ ہے کہ جدہ میں کمیونٹی آج بھی ان کا ذکر احترام سے کرتی ہے ۔