Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہاراشٹر تشدد:عمر خالد اور جگنیش کے خلاف ایف آئی آردرج

پونہ۔۔۔۔گجرات کے دلت رہنما جگنیش میوانی اورطلباء رہنما عمر خالد پر دفعہ 153 اے، 505 اور 117 کے تحت پونے میں ایف آئی آردرج کی گئی ہے۔ دونوں پر الزام ہے کہ یہ پونہ کی تقریب میں شامل ہوئے اور نفرت آمیز تقریر کی۔مہاراشٹر میں بھیما کورے گاؤں جنگ کی سالگرہ پر بھڑکے تشدد کے بعدپولیس نے  جگنیش میوانی اور عمر خالد کے خلاف نفرت پھیلانےکے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس  نے ان کے علاوہ ایف آئی آر درج کرکے 300 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں 15 نابالغ لڑکے بھی شامل ہیں ۔ تمام گرفتار شدگان پر املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت اس مسئلہ پر بات چیت کر رہی ہیں۔ وزارت داخلہ نے اس معاملہ پر ریاست کے افسران سے رپورٹ طلب کی ہے۔واضح ہوکہ گزشتہ روز دلت تنظیموں نے مہاراشٹر بند کی کال دی تھی جو کامیاب رہی۔ بند کے دوران تشدد کے کئی واقعات پیش آئے ، بسوں کو نذر آتش کیا گیا اور بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے۔ مہاراشٹر کے تشدد کا اثر گجرات تک پہنچ گیا اور وہاں بھی دلت طبقہ سے وابستہ افراد نے سڑکوں پر  مظاہرہ کیا۔راجکوٹ کےواپی علاقہ میں نامعلوم افراد نے سرکاری بس نذر آتش کر دی ۔

شیئر: