لکھنؤ۔۔۔۔جانکی پورم تھانے کی پولیس نے ایک ایسے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جو لڑکیوں کو نوکری دلانے کے نام پر جسم فروشی کے دھندے میں دھکیل رہا تھا۔ پولیس نے 2خواتین سمیت 4ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ 3مفرور ہیں۔ انسپکٹر امرناتھ ورما نے بتایا کہ ایک لڑکی کی شکایت پر جانکی پورم علاقے میں واقع موریہ بھٹے کے پاس گاڑی سے جارہی خاتون سمیت 4افراد کو گرفتار کرلیا۔ گاڑی کی تلاشی کے بعد قابل اعتراض اشیاء برآمد ہوئیں۔بنارس کی 19سالہ لڑکی نے جانکی پورم پولیس کو بتایا کہ اس کی ماں کی طبیعت خراب ہے ، والد کی کمائی بھی ٹھیک نہیں ، ماں کے علاج کیلئے کام کی تلاش میں تھی۔ اتفاق سے ایک نمبر پر نوکری کی بابت بات چیت ہوئی اور انہوں نے نوکری دلانے کیلئے بلایا ۔ لڑکی نے بتایا کہ وہ بنارس سے ٹرین کے ذریعے چار باغ اسٹیشن پہنچی جہاں سونی نام کی خاتون اپنے ساتھ لے گئی اور خوب خاطر تواضع کی اور نوکری لگوانے کی بات کہہ کر ایک شخص کی رہائش پر بھیج دیا۔ متعلقہ شخص سے 6ہزار روپے لے لئے اور اس کے ساتھ رہنے پر مجبور کیا ۔ انکار کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔پولیس نے اس گروہ میں شامل سمن، سرجیت، سونی اور اسکے شوہر کو جیل بھیج دیا جبکہ مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔