Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصر الحکم کے سامنے مظاہرہ کرنے والے 11شہزادے گرفتار

ریاض:  ریاض میں قصر الحکم کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے والے 11شہزادوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ مظاہرہ کرنے والے شہزادوں نے بجلی کے وپانی کے بل کے علاوہ اپنے چچا زاد شہزادے کا سر قلم کرنے پر معاوضے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ انہیں رائل گارڈ کے تحت ’’السیف الاجرب‘‘ یونٹ کے اہلکاروں نے گرفتار کرکے الحائر جیل میں قید کر دیا۔ سبق ویب سائٹ کی تفصیلات کے مطابق شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 11افراد نے قصر الحکم کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دی جانے والی بعض مراعات بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شاہی فرمان کے ذریعہ ان سے بجلی اور پانی کے بل کی ادائیگی روکی گئی ہے اسے بحال کیا جائے نیز ان کے چچا زاد کا سر قلم ہوا ہے ، اس کا معاوضہ ادا کیا جائے۔ انہیں اعلی حکام کی طرف سے آگاہ کیا گیا کہ وہ غلط کر رہے ہیں۔ ان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ واپس چلے جائیں تاہم وہ مظاہرہ کرنے اور دھرنا دینے پر مصر تھے۔ بعد ازاں رائل گارڈ کے تحت ’’السیف الاجرب‘‘ یونٹ کو حکم دیا گیا کہ مظاہرہ ختم کیا جائے۔ اہلکاروں نے انہیں گرفتار کیا اور سجن الحائر منتقل کیا۔ مظاہرین کی قیادت شہزادہ س بن ع بن س بن محمد بن فیصل بن ترکی کر رہا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ مظاہرہ کرنے والے شہزادوں کی گرفتاری اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کا فرمان ثابت کرتا ہے کہ قانون کی نظر میں تمام افراد برابرہیں۔ قانون کو پامال کرنے والا خواہ کوئی بھی ہو اس کا احتساب ضرور ہوگا۔ 
 

شیئر: