بلائنڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز
لاہور: بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹ سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کر دیا۔ اوپنر بدرمنیر نے 141 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے انہوں نے 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے عالمی کپ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 207 رنز بنائے۔ عارف احمد نے57 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد راشد نے 37 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے بدر منیر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستانی اسٹارز نے محض 16 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہی ہدف عبور کر لیا۔ اوپنر بدرمنیر نے بیٹنگ میں اپنی فارم برقرار رکھی اور 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عامر اشفاق آوٹ ہونے والے واحد بیٹسمین تھے، انہو ںنے 46 رنز بنائے۔ شاندار آل راونڈ کارکردگی پر بدرمنیر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان ٹیم دوسرے میچ کیلئے جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں نیپال کے مدمقابل ہو گی۔