کشمیر ۔۔۔۔۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست اور ملک کے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آ گے آکر ریاست کو موجودہ غیریقینی صورتحال اور ہنگاموں سے باہر نکالنے میں تعاون کریں۔ قانون ساز اسمبلی میں گورنر کے خطبے پر شکریہ کی تحریک پر ہونیوالےخطاب کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ4327 نوجوانوں کے خلاف کیس ختم کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ 2016ء کے دوران نوجوانوں کے خلاف درج معاملات کا جائزہ لینے کے لئے بھی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔ انہوں نے ایوان میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تقریباً 9ہزار نوجوانوں کو عام معافی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ پولیس کو ہدایت کردی گئی ہے کہ عسکریت پسندوں کی صفوں میں داخل ہونیوالے نوجوانوں کو واپس اپنے گھروں اورخاندان کے پاس لوٹنے میں مدد کر یں۔انکی واپسی کی کوششیں جاری رہیں گی تاکہ وہ معاشرے میں عام لوگوں کے ساتھ گھل مل کرپرسکون زندگی گزارسکیں۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ریاست کو تشدد سے پاک کرنے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں۔ ریاست اور ملک کے تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ آگےبڑھ کر ریاست جموں وکشمیرمیں امن و امان کی فضاقائم کرنے میں اپناکردار ادا کریں۔