پاکستانی اسلام کے زریں اصولوں پر کاربند ہو کر معاشرے کو سدھاریں، وسیم اختر
جمعرات 11 جنوری 2018 3:00
ریاض ( ذکاء اللہ محسن) مسلم لیگ کے سینیئر نائب صدر اور پنجاب اوورسیز ایڈوائزری کونسل کے ممبر شیخ سعید احمد کی جانب سے نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب اور ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر وسیم اختر کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں کمیونٹی کے سرکردہ افراد کی کثیر تعداد بھی شریک ہوئی، اس موقع پر عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ سعید کا کہنا تھا کہ دنیا کے نقشے پر پاکستان ایک ابھرتی ہوئی طاقت ہے جس نے گزشتہ 4سال سے اقتصادی طور پر بے شمار ترقی کی ہے۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر پنجاب کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری کمیونٹی کا یہ خاصا رہا ہے کہ پاکستان سے جو بھی مہمان آتا ہے تو اس کو شاندار طریقے سے خوش آمدید کہا جاتا ہے اور یہ ہماری کمیونٹی کا ہی حسن ہے کہ یہاں تمام سیاسی، مذہبی اور ادبی جماعتوں کے افراد مل کر رہتے ہیں۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں دیکھا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی پاکستان کے حالات و واقعات کے حوالے سے فکر مند ہے اور پاکستان کو خوشحال دیکھنا چاہتی ہے اس وقت پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو جو مسائل درپیش ہیں ان میں امریکہ اور اس کے حواری مسلم ممالک کو معاشی اور عسکری اعتبار سے غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، اور اس میں پاکستان ان کا بڑا ٹارگٹ ہے، مگر ہمارا دشمن کسی پروپیگنڈے میں کامیاب نہیں ہوگا، کیونکہ پاکستانی قوم متحد ہے اور دشمن کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتی ہے،ہمارا پاکستانی معاشرہ روزبروز بے راہ روی کا شکار ہو رہا ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم اسلام کے زریں اصولوں پر کاربند ہوکر معاشرے کو سدھاریں اور ایک درست سمت میں چلیں کیونکہ اس وقت موجودہ نظام نا تو اسلامی ہے اور نا ہی آئینی ہے پاکستان کا نظام اور نظام زندگی اسلام پر لانے کی ضرورت ہے، نائب صدر راشد محمود بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان جب بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو عالمی سازشیں شروع ہو جاتی ہیں اور پاکستان کے اندر موجود دشمن بھی متحرک ہوکر سازشوں کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں،پاکستان اقتصادی اور عسکری لحاظ سے بہت مضبوط ہو چکا ہے، ہمیں اب ملک کے اندر ایسے دشمن عناصر کی نشاندہی کرنا ہوگی جو پاکستان میں انتشار پھیلا کر اپنے آقاؤں کو خوش کر رہے ہیں، مخدوم امین تاجر اور چوہدری مبین نے بھی خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر ڈاکٹر وسیم اختر کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی اہم ترین سیاسی جماعت ہے، اور اس میں ڈاکٹر وسیم اختر جیسے لوگ یقینی طور پر پاکستانی سیاست کا اہم ترین سرمایہ ہیں جو اپنی اچھی سیاست کے طور پر جانے جاتے ہیں اور یہ سیاست کو عوامی خدمت سمجھ رہے ہیں،عشائیے میںمحمد اصغر چشتی نے نعت رسول مقبول پڑھی جبکہ اختتامی دعا مولانا ہمایوں محسود نے کروائی۔