ریاض - - - - -- - سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی گلف ایئر لائنز نے اپنے بین الاقوامی فضائی روٹس میں توسیع کے منصوبے کے تحت پاکستان کے چارمختلف شہروں تک فضائی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کیاہے۔فضائی آپریشن کا آغاز یکم مارچ 2018 سے ہوگا۔ پاک سعودی دوطرفہ فضائی رابطوں کے فروغ کے سلسلے میں کمپنی نے لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے اپنی فلائٹس شروع کرنے کے حوالے سے کہا کہ 2018 کے آغاز سے بین الاقوامی فضائی روٹس میں توسیع کی جارہی ہے اور دمام سے پاکستان کے چار شہروں تک فلائٹ آپریشن کو توسیع دے رہی ہے۔چیف کمرشل آفیسر کریم مخلوف نے پریس کانفرنس میں کہاکہ شاہ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ دمام سے پاکستان کے فضائی مسافروں کیلئے شروع کی جانے والی فضائی سروس سے سفری سہولیات دستیاب ہوں گی اور پاکستان سے سعودی عرب کے مختلف شہروں تک رسائی حاصل ہوگی۔انہوں نے کہاکہ کمپنی اے320 ائیر بس طیاروں کے ذریعے فلائٹ آپریشن شروع کررہی ہے ۔