لکھنؤ۔۔۔۔۔یوپی حکومت نے لالو پرساد یادو کی سزا کم کئے جانے سے متعلق جالون ضلع مجسٹریٹ کی مبینہ سفارش کے معاملے میں تحقیقات کا حکم دیدیا ۔ جالون کے ضلع مجسٹریٹ منان اختر پر شری یادوکی سزا کم کرنے کی سفارش کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے ۔ تفتیش جھانسی ڈویژن کے کمشنر امیت گپتا کو سونپی گئی ہے۔ دریں اثناء منان اختر نے الزامات کو بے بنیادقراردیتے ہوئے کہا کہ ان کی اس سلسلے میں کسی سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ان کی نہ تو جج سے بات ہوئی اور نہ کسی دوسرے سے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ حکومت نے اس سلسلے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے لیکن اگر ان سے کچھ پوچھا گیا تو وہ ضرور جواب دینگے۔واضح ہوکہ لالو پرساد چاراگھوٹالہ کیس میں جھاڑ کھنڈ کی جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔