ریاض .... محکمہ زکوة و آمدنی کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم سے رقوم نکلوانے پر ویلیو ایڈیڈ ٹیکس نہیں کاٹا جاتا ۔ کمیٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائر ل ہونے والی وڈیو کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مملکت میں مقیم تارکین اور مقامی شہری سوشل میڈیا کی باتوں پر یقین نہ کریں ۔ ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کے حوالے سے کمیٹی کی جانب سے واضح طور پر کہا جا چکا ہے کہ بینکوں کی اے ٹی ایم سے کیش نکلوانے پر " واٹ " نہیں کاٹا جاتا ۔ کمیٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ واٹ کا نفاذ بینک کی خدمات پر ہوتا ہے رقم نکلوانے پر نہیں ۔ جو وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اس پریقین نہ کیا جائے ۔ کمیٹی نے مزید کہا ہے کہ اگر کسی صارف کے پاس کوئی ثبوت ہے جس نے اے ٹی ایم سے رقم نکلوائی اور اس پر واٹ کاٹا گیا تو وہ اس کی شکایت ادارے میں کرے جس کا ٹول فری نمبر 19993 ہے ۔ واضح رہے یکم جنوری 2018 سے مملکت میں مختلف اشیاءپر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے ۔ ادارہ زکوة و انکم ٹیکس کی جانب سے اس بارے میں صرف ان اداروں کو کمپنیوں کو واٹ وصول کرنے کا مجاز قرار دیا ہے جو ادارے میں رجسٹرڈ ہیں ۔ ایسے تجارتی ادارے جن کے پاس ٹیکس رجسٹریشن نہیں ہے وہ 5 فیصد ٹیکس وصول کرنے کے حقدار نہیں ۔ اس حوالے سے بعض دکاندار عام صارفین سے واٹ کی مد میں وصولی کر رہے ہیں جو غیر قانونی ہے ۔ محکمہ کی جانب سے واضح طور پر انتباہ دیا گیا ہے کہ جو تاجر بغیر رجسٹریشن کے" واٹ "وصول کرے گا اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی ۔