گال گیڈٹ کیلئے کریٹکس چوائس اور سی ہرایوارڈز
ہالی وڈ اداکارہ گال گیڈٹ کو نامور امریکی کریٹکس چوائس ایوارڈز کے دوران سی ہر نامی ایوارڈ سے نوازا گیا۔یہ ایوارڈ گال گیڈٹ کو ان کے فلاحی کاموں اور خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ رواں سال ان کی کامیاب فلم ’ونڈر وومن‘ میں بہترین کارکردگی پر ملا۔ ایوارڈ کو فلم ’ونڈر وومن‘ کی مصنفہ پیٹی جینکنز نے ہی اداکارہ کو پیش کیا۔
ایوارڈ قبول کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنی پوری زندگی مضبوط ، آزاد،صاف دل خاتون کا کردار ادا کرنا چاہتی تھیں اور انہیں یہ تمام صلاحیتیں ’ونڈر وومن‘ میں نظر آئیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو اب سینما میں بہتر کردار مل رہے ہیں جبکہ باکس آفس پر بھی خواتین کی فلمیں زیادہ کمائی کررہی ہیں تاہم ابھی وہ منزل سے کافی دور ہیں۔اداکار ہ نے کہا کہ میں اپنا ایوارڈ ہر اس خاتون اور مرد کے نام کرتی ہوں جو صحیح بات کےلئے کھڑا ہوا، ان کےلئے کھڑا ہوا جو خود کے لئے اٹھ کھڑے نہیں ہوسکتے۔ میں وعدہ کرتی ہوں کہ کبھی خاموش نہیں رہوں گی۔تقریب میں گال گیڈٹ کی فلم’ ونڈر وومن‘ کو 3 اور زمروں میں نامزد کیا گیا جبکہ انہیں بہترین ایکشن فلم کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔