شاستری کی ہلاکت پر فلم”دی تاشقند فائلز“
بالی وڈفلم ساز ویوک اگنی ہوتری ، ہندوستان کے دوسرے وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی پر اسرار ہلاکت کے معاملے پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیںجس کی کہانی مختلف تحقیقاتی رپورٹس سے مدد لے کر لکھی جائے گی۔خیال رہے کہ لال بہادر شاستری ہندوستان کے دوسرے منتخب وزیر اعظم تھے۔ انہوں نے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے بعد 1964 میں عہدہ سنبھالاتھا۔وزارت عظمیٰ سے قبل وہ ملک کے وزیرخارجہ تھے۔ ان ہی کے دور وزارت خارجہ کے دوران 1965ءمیں پاکستان اور ہندوستان کی جنگ ہوئی۔ انہی کے دور وزارت عظمیٰ کے دوران دونوں ممالک میں ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کے میں تاریخی معاہدہ طے پایا۔پاکستان اورہند کے درمیان جنگی بندی کے تاشقند معاہدے کے اگلے ہی دن 11 جنوری کو لال بہادر شاستری چل بسے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اگرچہ ان کی ہلاکت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی تاہم یہ خیال کیا جاتا ہے کہ انہیں ایک منصوبے کے تحت قتل کیا گیا۔ اب اس معاملے پر ڈائریکٹر ویوک اگنی ہوتری’ ’دی تاشقند فائلز“ نامی فلم بنائیں گے اور اس میں حقائق پیش کریں گے۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ انہوں نے اس فلم کی کاسٹ کے لئے نصیر الدین شاہ اور متھن چکرورتی کو پہلے ہی منتخب کر رکھا ہے۔