Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ کے ججوں کے اختلافات حل کرلئے گئے، بارکونسل

نئی دہلی۔۔۔۔۔۔3 دنوں کی گہماگہمی کے بعد آج ججوں کے درمیان پیدا شدہ تنازعہ حل ہو گیا۔ بارکونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن مشرا نے بتایا کہ ہم اپنی مہم میں کامیاب رہے۔ ججوں کا تنازعہ یا اختلاف گھر کی بات تھی۔ ہم چیف جسٹس آف انڈیا اور چاروں ججوں کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کے وقار کو قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ یہ ججوں کا معاملہ تھاجسے خود ہی سلجھا لیاگیا۔ذرائع کے مطابق صبح کے وقت چائے پر اس سلسلے میں ججوں کے درمیان 3 گھنٹے تک تبادلۂ خیال ہوا جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جلد ہی معاملہ حل ہو جائے گا۔بارکونسل آف انڈیا نے آج پریس کانفرنس کر کے باضابطہ ججوں کا تنازعہ ختم ہونے کی اطلاع میڈیا کو دی۔ منن مشرا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ معاملہ ختم ہو گیا ہے۔سپریم کورٹ کی سبھی عدالتوں میں معمول کے مطابق معاملات نمٹائے جارہے ہیں۔ اس سے قبل آج صبح چاروں جج یعنی کورین جوزف، رنجن گوگوئی، جے چلمیشور اور مدن لاکُر اپنے کام پر واپس لوٹ آئے۔ چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مشرا بھی آج عدالت پہنچے لیکن انہو ں نے ججوں سے متعلق تنازعہ پر اپنا کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔ چاروں ججوں نے میڈیا سے اس سلسلے میں کوئی بات نہیں کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آج صبح اٹارنی جنرل آف انڈیا وینو گوپال نے اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججوں کی چیف جسٹس آف انڈیا سے ناراضی جلد ختم ہو جائے گی۔

شیئر: