لکھنؤ- - - - - - اترپردیش میں الٰہ آباد کے گھورپور علاقے میں 2فرقوں کے درمیان ہونے والے تنازعہ کے بعد آتش زنی اور چاقو بازی کے بعد پیدا ہوانیوالی کشیدگی کے بعد اب صورتحال کنٹرول میں ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ دپیندر چوہدری نے بتایا کہ گھورپور کے کرما میں گزشتہ روزمعمولی بات پر ایک فریق نے دوسرے فریق کے دھرمیندر نامی نوجوان کو چاقو مار دیا تھا۔ اسکے بعد دونوں فرقوں میں کشیدگی بڑھ گئی۔ پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے حالات کو کنٹرول میں کر لیا۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملہ میں دھرمیندر کے بھائی مہندر کمار نے ملزم ندیم اور وسیم سمیت 8افراد کیخلاف رپورٹ درج کرائی ہے جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔کچھ لوگوں کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صورتحال کنٹرول میں ہے۔ احتیاطاً پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف ) کے جوان بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ غور طلب ہے کہ کرما مارکیٹ میں پٹیل چوراہے پر چائے پان کی دکان چلانے والے سبھاش پٹیل کے کھیت سے کئی زور سے پووال چوری ہو رہا تھا۔ جمعرات کی شام سبھاش کے بیٹے دھرمیندر کی سگے بھائیوں ندیم اور وسیم سے اسی بات پر مارپیٹ ہو گئی تھی جسے باہمی سمجھوتے کے بعد معاملہ کو ختم کردیا گیا تھا۔ گزشتہ روز دھرمیندر جب اپنی چائے کی دکان پر کھڑا تھا تب ہی ندیم اپنے بھائی وسیم اور کچھ لوگوں کے ساتھ وہاں پہنچا اور گزشتہ باتوں کو لے کر بحث کرنے لگا۔ اسی درمیان وسیم نے دھرمیندر کے پیٹ میں چاقو مار دیا اور فرار ہو گیا۔ واقعہ کے بعد پٹیل برادری کے لوگوں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ پولیس کے سمجھانے پر ہجوم نے پولیس پر پتھراؤ کر دیا اور دکان میں آگ لگا دی ۔ پتھراؤ اور بھگدڑ میں صدر ایس ڈی ایم، ایک پولیس کا جوان اور3 پی اے سی کے جوان زخمی ہو گئے۔