Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان جنگ سے پاکستان کو کچھ حاصل نہیں ہوا، اسفندیار ولی

آج بھی افغانستان میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے اسلام کا کوئی تعلق نہیں، سب سے بڑی کرپشن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کررہی ہے، اے این پی کے تعزیتی اجتماع سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ افغان جنگ میں کود کر پاکستان نے اپنا نقصان کیا ۔ اس جنگ سے پاکستان کو کچھ حاصل نہیں ہوا ۔ہمیں مسائل کو حل کرنے کےلئے باچا خان کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے ۔ وہ جدہ میں اے این پی سعودی عرب کیجانب سے باچا خان اور خان عبدالولی خان کی یاد میں منعقد کئے گئے تعزیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد میںشرکت کی ۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا افغان جنگ کے بارے میں ہم نے ہمیشہ یہ کہا تھا کہ یہ امریکہ اور روس کی جنگ ہے۔ آج بھی افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے اسلام کا کوئی تعلق نہیں۔ افغانستان کا پختون اور پاکستان کا پٹھان ایک ہے۔ عمران خان سیاست تو کرنا چاہتا ہے مگر اسے خود نہیں پتہ کہ کہنا کیا ہے اور کرنا کیا ؟ روز ایک نئی کہانی سامنے آجاتی ہے ۔ سیاست میں ناچ گا نے کی روایت ڈالکر اسے غیر سنجیدہ بنا دیا۔مجھے نہیں پتا وہ کیا تبدیلی لا رہا ہے۔ کے پی کے میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا ہے۔کرپشن کا شور تو بہت سنایا جاتا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ سب سے بڑی کرپشن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کررہی ہے۔عوامی نیشنل کے مرکزی صدر نے مزید کہا ملک میں ردالفساد آپریشن جاری ہے مگر دیکھنا یہ ہے کہ یہ کن عوامل کا پیش خیمہ ہے ۔ اگر 30 برس قبل ہم امریکہ کا ساتھ نہ دیتے تو پختونوں پر اتنا کڑا وقت نہ آتا اور بے گناہوں کا خون خرابہ نہ ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ اتنے انسان تو دوسری جنگ عظیم میں نہیں مرے ہونگے جتنا افغان فساد میں مرے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں نہ صرف اندرونی پالیسی بدلنی ہوگی بلکہ خارجہ پالیسی کو بھی ازسرنو مرتب کرنا ہو گا۔ چین اگر ضامن بن گیا تو خطے میں امن آسکتا ہے۔ آئندہ انتخابات کے حوالے سے اسفند یار نے کہا کہ اگر انتخابات شفاف ہوئے تو صوبے میں ہماری حکومت کو کوئی نہیں روک سکتا ۔ تقریب سے نوشیرواں خٹک، عثمان خٹک،فضل مومنداور سعودی عرب اے این پی کے صدر گل زمین خان نے بھی خطاب کیا۔ 

شیئر: