ہمارے خلاف ایک ٹولہ پروپیگنڈہ کرکے پارٹی کو سازش کی نظر کرنا چاہتا ہے
ریاض ( ذکاء اللہ محسن)- - - - پاکستان پیپلزپارٹی ریاض کے قائم مقام صدر محمد خالد رانا کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی اور سب سے مقبول ترین جماعت ہے جس کے دیرینہ کارکن پورے ملک میں ہر جگہ موجود ہیں۔ پیپلزپارٹی واحد ایسی سیاسی جماعت ہے جو اپنے کارکن کا بے حد احترام کرتی ہے۔ آصف علی زرداری جب کارکنان سے ملاقات کرتے ہیں تو بڑے حوصلے اور بردباری سے ان کے مسائل سنتے ہیں اور ان پر عمل داری کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمارے قائد بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کا ماننا ہے کہ کارکن ہی اصل میں پیپلزپارٹی کا سرمایہ ہیں۔ ہمارے خلاف ہمیشہ ایک مخصوص ٹولہ رہا ہے جو پروپیگنڈہ کرتا ہے اور پارٹی کو سازش کی نظر کر دینا چاہتا ہے مگر ہم نے 2013 کے الیکشن کے بعد صرف جمہوریت کو بچانے کیلئے موجودہ حکومت کاساتھ دیا مگر اب ایسا نہیں ہوگا کیونکہ 2018 کے الیکشن میں جیالا ووٹر پیپلزپارٹی کو برسراقتدار لا رہا ہے۔2018 کے الیکشن میں ہم بھاری اکثریت سے جیت کر عوامی مسائل کو حل بھی کریں گے اور ملک کی سالمیت کو بھی یقینی بنائیں گے۔