Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ’’پرچی‘‘ دکھانے کا تجربہ کامیاب رہا، عمران رضا کاظمی

پاکستانی فلم میں بہتری آنے سے نئے سنیما ہال بن رہے ہیں اور بند سنیما گھر کھلنا شروع ہو گئے ہیں، فلم پروڈیوسر
* * *  ذکاء اللہ محسن۔ ریاض* * *
 پاکستانی فلم پروڈیوسر عمران رضا کاظمی کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی جس کا اہتمام نالج کور اکیڈمی اور ٹاپ ایونٹ نے کیا ۔ اس موقع پر عمران رضا کاظمی کا کہنا تھا کہ ان کی یہ تیسری فلم ہے،اس سے قبل انہوں نے سیاہ اور جانان کے نام سے فلمیں بنائی تھیں جو باکس آفس پر نہ صرف مقبول ہوئیں بلکہ بیرون ممالک بھی اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ پرچی مووی کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ نئی کاسٹ کے ساتھ فلم بنانا نیا تجربہ تھا ۔فلم کی کاسٹ جس میں حریم فاطمہ، فیضان شیخ، احمد علی اکبر، شفقت چیمہ اور دیگر نے جس طرح اس فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں ،اس سے فلم کامیاب ہوئی ۔فلم کا میوزک بھی ایسا ہے کہ اس کے گانے بہت مقبول ہو چکے ہیں۔ پرچی مووی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ 5 جنوری کو پاکستان میں ریلیز ہونے کے بعد پہلے ہفتے میں فلم نے 4.5 کروڑ روپے کابزنس کیا۔
    پاکستان میں ہندوستانی موویز کی ریلیز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فلمیں پاکستان میں بہت مقبول ہیں ۔پاکستان اور ہند کی گورنمنٹ کو چاہئے کہ وہ حالات کو سازگار بنائیں تاکہ دونوں ملک بہتر انداز میں ایک دوسرے کے فنکاروں، اداکاروں اور موسیقاروں سے فائدہ حاصل کر سکیں۔ پاکستانی فلم میں بہتری آنے سے نئے سنیما ہال بن رہے ہیں اور بند سنیما گھر کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس وقت لاڑکانہ، حیدر آباد، مظفر آباد اور دیگر شہروں میں نئے سنیما گھروں کی تعمیر بھی جاری ہے۔
     عمران حیدر کاظمی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ان کی چوتھی فلم کی شوٹنگ رواں سال اگست میں شروع ہوگی جو مکمل ہونے کے بعد 2019 کو عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
    ٹاپ ایونٹ کے ڈائریکٹر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم پاکستانی فلم سعودی عرب میں لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جس طرح اس کو سراہا گیا ہے، اس حوالے سے ہم پاکستانی کمیونٹی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مستقبل میں ہماری اس حوالے سے بھی کوشش ہوگی کہ سعودی گورنمنٹ کی اجازت سے کسی پاکستانی فلم کی عکس بندی یہاں کی جائے۔نالج کور اکیڈمی اور ٹاپ ایونٹ اے آر وائی ٹی وی کے بینر تلے بننے والی فلموں کو سعودی عرب میں نمائش کے لئے معاہدہ کر چکی ہے۔
وڈیو دیکھنے کے لئے کلک کریں
 

شیئر: