عوامی نیشنل پارٹی کے تحت ریاض میں ورکر کنونشن، الیکشن کی تیاری کی ہدایت، شہر بھر سے کارکنوں کی شرکت، رہنماؤں کا خطاب
* * * ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض* * *
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختون ایک قدیم اور اعلیٰ روایات کی امین قوم ہے۔ اس نے ہمیشہ بہادری اور اپنی الگ شناخت کی بدولت مقبولیت پائی ہے۔قیام پاکستان کے وقت بھی پختونوں نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر آزادی حاصل کی اور قیام پاکستان کے بعد سے لیکر اب تک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ ہم نے کبھی بھی پاکستان کی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا ۔پاکستان ہے تو ہم ہیں مگر پاکستانی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ پختونوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔ہمارے مطالبات کو پورا کیا جائے تاکہ صوبے کی عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوسکے۔ انھوں نے بتایا کہ اے این پی کی حکومت آئی تو خیبر پختونخواکو اس کی شناخت ملی اور سرحد سے نام تبدیل ہو کر خیبر پختونخواہوا ۔صوبے بھر میں نئی یونیورسٹیاں اور کالجز تعمیر ہوئے، صحت کے شعبے میں بھی عملی اقدامات اٹھائے گئے،شورش زدہ صوبے میں ایسے منصوبے مکمل کرنا آسان نہ تھا۔ پاکستان کی سالمیت کی خاطر ہم نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور اے این پی کی سینیئرقیادت کی شہادت کے علاوہ لوگوں کی شہادت کے دکھ بھی سہے۔ آج بھی اے این پی کے کسی سابقہ وزیر یا ممبر پر کرپشن کا داغ نہیں۔
2013 کے بعد تحریک انصاف صوبے کی حکمرانی کر رہی ہے مگر الیکشن سے قبل پختون قوم سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ صوبے میں ایک یونٹ بجلی کی پیداوار نہیں کی گئی۔تعلیم، صحت اور باقی تمام شعبے تباہ ہو چکے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ پولیس سیاسی نہیں رہی، اگر پولیس سیاسی نہ ہوتی تو ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی کو ذلیل نہ کیا جاتا۔ علی امین گنڈا پور جیسے لوگ پولیس کو گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں اور قانون کا مذاق اڑاتے ہیں۔اسفند یار ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن کی تیاری کریں تاکہ الیکشن میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ پختون قوم بخوبی جانتی ہے کہ پی ٹی آئی نے ان کے ووٹ کو دھرنوں کی نظر کر دیا ہے اور ان کے کاموں کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ہم صوبائی اور قومی اسمبلی کے حلقوں سے اپنے بہتری امیدوار الیکشن میں لائیں گے جو حلقے کے عوام کی بہتر انداز میں خدمت کریں گے کیونکہ ہمارا مقصد قوم کی خدمت کرنا ہے۔
ورکرز کنونشن سے مرکزی صدر گل زمین خان، مرکزی جنرل سیکریٹری سبز علی خان، مرکزی نائب صدر ظہور علی خان، ڈاکٹر مزمل، حبیب یونس، حیات خان، امین خٹک، امیر محمد خان اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسفند یارولی خان کی قیادت میں متحد ہیں اور خیبر پختونخوا کی بہتری کے لئے کام کرتے رہیں گے۔پاکستان ہماری شان اور پہچان ہے۔ اس کا تحفظ اور اس کی خوشحالی ہمارا نصب العین ہے۔