ابوظبی.... ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اپنے ایوان میں 40برس سے زیادہ عرصے سے کام کرنے والے ہندوستانی ملازم بینن کو نہی محی الدین کواعزاز و اکرام کے ساتھ رخصت کردیا۔ انہوں نے قصر البحر میں کیرلہ کے محی الدین کو باقاعدہ مدعو کیا تھا۔ انتہائی دوستانہ ماحول میں گفتگو کی۔ شاندار کارکردگی، اخلاص اور نیک نیتی پر قدرو منزلت کا اظہار کیا۔ آرزو ظاہر کی کہ وہ کیرلہ میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ باقی ماندہ زندگی چین و سکون کے ساتھ گزاریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امارات دوسرے گھر کے طور پر ہمیشہ خیر مقدم کرتا رہیگا۔ محی الدین نے شیخ محمد بن زاید سے ملاقات پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جہاں امارات کو الوداع کہنے کا دکھ ہے وہیں یہاں کی ناقابل فراموش یادیں ہمیشہ انمول سرمایہ رہیں گی۔ میں نے 1978ءمیں ایوان ولی عہد میں کام شروع کیا تھا۔محی الدین ایک بیٹے اور 4بیٹیوں کا باپ ہے۔ وہ کیرلہ میں اپنا گھر بناچکا ہے۔ بیٹیوں کی شادی کرچکا ہے۔ اسکا ایک بیٹا سعودی عرب میں ملازم ہے۔ اس نے کہا کہ وہ امارات سے ملنے والی محبت اور عزت کبھی نہیں بھول سکے گا۔