دوسرا ٹی ٹوئنٹی جیتیں گے،2میچ ابھی باقی ہیں ،سیلفی کنگ
آکلینڈ:پاکستانی اوپنر احمد شہزاد نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ابھی ختم نہیں ہوئی ۔دوسرے میچ میں کیویز کے خلاف کامیابی کا عزم لئے میدان میں اتریں گے۔آکلینڈ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکی، ویلنگٹن کی وکٹ مشکل تھی جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے بیٹسمینوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔سیلفی کنگ کے نام سے شہرت رکھنے والے احمد شہزاد نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وکٹیں ہمیشہ ہی مہمان ٹیموں کیلئے مشکل ثابت ہوتی ہیں تاہم یہ ہماری ناکامیوں کا کوئی جواز نہیں۔پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ میں زیادہ پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا اور میرے خیال میں کسی بھی سیریز کی تیاری کیلئے مہمان کھلاڑیوں کو تین چار ہفتے پہلے یہاں پہنچ کر پریکٹس اور ٹریننگ کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کیوی بولرز نے ہوم کنڈیشنز کا بہترین استعمال کرتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو پریشان کئے رکھا۔سرفراز احمد ایک پرجوش اور نوجوان کپتان ہیں۔حالیہ ٹور ٹیم کی طرح ان کیلئے بھی سخت تھا۔ امید ہے وہ اس صورتحال سے نکل کر کامیابیاں سمیٹیں گے۔یاد رہے کہ احمد شہزاد کو پہلے میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔