Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سہ فریقی سیریز: بنگلہ دیش82رنز پرآوٹ،سری لنکا نے میچ جیت لیا

ڈھاکا:3ملکی ون ڈے سیریز کے میچ میں سری لنکا میزبان بنگلہ دیش کو82رنز پر آوٹ کرنے کے بعد10وکٹوں سے فتح سمیٹ کر فائنل میں پہنچ گئی اور فائنل میں بھی اس کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہی ہو گا۔شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے دوران سری لنکن بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور فائنل تک رسائی کے لئے ناگزیر فتح کے حصول میں کسی مرحلے پر میزبان بیٹسمینوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ مین آف دی میچ سورنگا لکمل کے بعد اچھی بولنگ کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے دشمنتھا چمیرا، لکشن سنداکن اور اور تشارا پریرا نے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا جبکہ دنوشکا گو نا تھیلاکا نے فیلڈنگ میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور پوری ٹیم 24 اوورز میں 82رنز پر پویلین لوٹ گئی۔بنگلہ دیش کے صرف2کھلاڑی ڈبل فگرز میں پہنچ سکے، وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم26رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ،صابر رحمان نے10رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیشی اننگز میں دوسرا بڑا اسکور 14فاضل رنز تھے۔ اوپنر انعام الحق اور روبل حسین بغیر اسکور کئے آوٹ ہوئے ۔ سورنگا لکمل نے21رنز دے کر3جبکہ دشمنتھا چمیرانے 6،تشارا پریرا نے27اورلکشن سنداکن نے24رنز دے کر 2-2وکٹیں اپنے نام کیں۔جوابی بیٹنگ کے دوران سری لنکا کو ہدف کے حصول میں کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔بیٹسمینوں کے بعد بنگلہ دیش کے بولرز بھی ناکام رہے اور سری لنکن اوپنرز نے 11.5اوورز میں ہدف حاصل کرکے اپنی ٹیم کو10وکٹوں سے فتح دلانے کے ساتھ ہی فائنل میں بھی پہنچا دیا۔دنوشکا گو نا تھیلاکانے 35گیندوں پر2چھکوں اور3چوکوں کی مدد سے35جبکہ اپل تھارنگا نے37گیندوں پر39رنز اسکور کئے ، انہوں نے3چھکے اورایک چوکا لگایا۔بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے خود بھی بولنگ کی اور دیگر4بولرز نے بھی کوشش کی لیکن سر ی لنکن اوپنرز کی شراکت نہ توڑ سکے۔اس فتح کے بعد سری لنکن ٹیم ٹرافی کے حصول کےلئے بنگلہ دیش سے ہی مقابلہ کرے گی۔

شیئر: