Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے غربت کا خاتمہ ضروری ہے، صدررام ناتھ کووند

نئی دہلی۔۔۔۔۔صدر رام ناتھ کووند نے ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے غربت کی لعنت کو جلد سے جلد ختم کرنے اور خوشحال لوگوں سے محروموں کے حق میں سبسڈی جیسی سہولتوں کو قربان کرنے کی اپیل کی ہے۔ صدر نے 69ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ شہریوں کے درمیان مساوات اور بھائی چارے کی فضا قائم کی جائے۔اداروں کو اصولوں اور اقدار کی بنیاد پر چلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ معیار تعلیم ،صحت خدمات ، لڑکیوں کو ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرنے اور توہم پرستی اور عدم مساوات کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔کووند نے ملک کی آزادی اور جمہوریت کی تعمیر میں لاکھوں مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو سنوارنے اور معاشرے سے برائیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک قوم کے طور پر ہم نے بہت کچھ حاصل کیا ہے لیکن ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ہماری جمہوریت کی تعمیر کرنے والی نسل نے جس جذبے سے کام کیا تھا، آج پھر اسی جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کووند نے کہا کہ ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا سبھی کا خواب ہے۔ ایک بہتر ہندوستان کی تعمیر کیلئے ہر ایک کوشامل ہونا ہے۔ایسا ہندوستان بنانا ہے جو اپنی صلاحیت کے مطابق اکیسویں صدی میں ترقی کی نئی بلندیوں پر کھڑا ہوگا اور جہاں ہر شہری اپنی صلاحیت کا بھرپور استعمال کرسکے گا۔ غربت کی لعنت کو جڑ سے مٹانے پر زور دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ آج بھی بہت سے اہل وطن سماجی اور اقتصادی لحاظ سے پسماندہ ہیں ، وہ غربت میں اپنی زندگی گزاررہے ہیں۔

شیئر: