ہند، سعودی تعلقات ہر سطح پر مستحکم ہوئے ہیں، سفیر ہند، سفارتخانہ ریاض میں احمد جاوید اور انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ میں قونصل جنرل نے پرچم کشائی کی
ریاض/جدہ(کے این واصف)ہندوستان کا 69واں یوم جمہوریہ ریاض اور جدہ میں روایتی شان و شوکت اور بے مثال جوش و خروش سے منایا گیا۔ سفارتخانہ ہند اور انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے بوائز سیکشن میں شاندار تقاریب منعقد کی گئیں۔ سفیر ہند احمد جاوید نے صبح 9بجے سفارتخانے میں قومی پرچم لہرا کر تقریب کا افتتاح کیا۔ جس کے بعد انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض کے بچوں نے قومی ترانہ پیش کیا۔ ابتداءمیں فرسٹ سیکریٹری ڈاکٹر حفظ الرحمان نے حاضرین کا خیر مقدم کیا۔ پرچم کشائی کے بعد سفیر ہند نے ایمبیسی آڈیٹوریم میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہند، سعودی تعلق ہر سطح پر مستحکم ہوئے ہیں۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے دی گئی مہلت کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم لاکھوں غیر ملکی مملکت کو خیر باد کہہ کر چلے گئے جانے و الوںمیں ہندوستانی بھی شامل تھے تاہم آج بھی قانونی طور پربرسر روزگار ہندوستانی مملکت میں سب سے زیادہ تعداد میں ہیں۔ انکی تعداد 32لاکھ سے بھی زیادہ ہے۔ سفیر ہند نے کہا کہ امسال پہلی بار 5منتخب سعودی فوجی افسر ہندوستان میں اعلیٰ تربیت کیلئے بھیجے گئے۔ امسال یوم جمہوریہ کے موقع پر ہندوستان میں ایک سعودی خاتون جس نے یوگا کی تربیت حاصل کی اور یہاں بحیثیت یوگا ٹرینر سعودی خواتین میں یوگا عام کررہی ہیں۔ اس خاتون کو دہلی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی اعزاز ”پدم شری“ سے نوازا جارہا ہے۔ سفیر ہند نے یہ بھی کہا کہ امسال ہندوستان سعودی عرب کے سالانہ ثقافتی میلے میں بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کررہا ہے۔ یہ بات ہند اور یہاں مقیم ہندوستانیوں کیلئے باعث اعزاز ہے۔ سفیر ہند نے اپنے خطاب کے بعد صدر جمہوریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا جس کے بعد انٹرنیشنل انڈین اسکول کی طالبات نے رنگا رنگ کلچرل پروگرام پیش کیا۔ امسال پہلی بار ہندوستانی کمیونٹی کے چند منتخب افراد کو انکی سماجی و ثقافتی خدمات کے عوض ایمبیسی کی جانب سے تہنیتی صداقت نامے سفیر ہند کے ہاتھوں پیش کئے گئے ان میں راما چندرن، امتیاز احمد، کندن لال گوٹلوال، سہیل احمد، مہیش ، پروفیسر ظہیر بیگ، اویس احمد، مسز صبیحہ امیر، سلمان خالد، میر محسن علی اور کے این واصف وغیرہ شامل تھے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر حفظ الرحمان نے ادا کئے۔ آخر میں ہدیہ تشکر بھی پیش کیا۔ مٹھائیوں اور مشروبات سے مہمانوں کی ضیافت کی گئی۔ جدہ میں قونصل جنرل محمد نور رحمان شیخ نے صبح 9بجکر 30منٹ پر انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے بوائز سیکشن میں ہندوستانی پرچم لہرانے کی رسم انجام دی۔ قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اسکول کے طلباءنے مارچ پاسٹ کے ذریعے مہمانوں کو سلامی دی۔ سی جی نے صدر جمہوریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔ طلباءو طالبات نے رنگا رنگ ٹیبلو پیش کئے۔ علاقائی رقص کا مظاہرہ کیا ۔ ملی نغمے بھی سنائے جبکہ آخر میں چھٹی اور ساتویں جماعت کے طلباءنے جنگ آزادی کی شروعات کا خاکہ ڈرامے کی شکل میں پیش کرکے زبردست داد حاصل کی۔