راولپنڈی .. ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے عالمی امن و استحکام کےلئے کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ فوجی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے زیر اہتمام عالمی امن کے لئے مستقل تعاون کرنے والا ملک ہے ۔پاکستان کے6 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار امن مشن میں ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر حملے میں پاکستانی فوجی نائیک نعیم رضاجاں بحق اور سپاہی بلال زخمی ہو ا تھا۔ کانگو کے جنوبی صوبے کیوو میں مسلح گروپ نے گھات لگا کر اقوام متحدہ کے امن مشن پر حملہ کیا ۔ ترجمان اقوام متحدہ نے واقعہ کی تصدیق کردی ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وا قعہ کے ذمہ داروںکو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایک بیان میں اقوام متحدہ کے ترجمان نے حکومت پاکستان، عوام اور سوگوار خاندان سے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔