واشنگٹن.... امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کی تمام قوموں پر زور دیا ہے کہ وہ کابل میں دہشت گردی کے حملے میں 95 افراد کو ہلاک کرنے والے طالبان گروپ کے خلاف جنگ کریں۔ پیر کو امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم طالبان کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔بعد ازاں وائٹ ہاﺅس نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں امریکی حکام نے کابل میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دنیا کی تمام قوموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حملے کے پیچھے موجود طالبان دہشت گردوں کے خلاف جنگ کریں۔بیان میں امریکی صدر کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ قاتلانہ حملہ ہمارے عزم اور افغان شراکت داروں کے حوصلے کم نہیں کرسکتا ۔ طالبان کا ظلم کبھی غالب نہیں آسکے گا۔