آگرہ ۔۔۔۔یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک سال قبل اتر پردیش کو اُتّم پردیش بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن تاج نگری آگرہ سے جو واردات سامنے آئی ہے وہ شرمسار کرنے والی ہے۔ یہاں چند منچلے نوجوانوں نے خاتون ٹی وی اینکرسے سرراہ چھیڑخانی شروع کردی جس پر اینکر نے 1090(خواتین ہیلپ لائن) سے رابطہ کیا مگر وہاں سے کوئی مدد نہیں ملی۔واضح ہوکہ دامنی ڈیوٹی کے بعد آفس سے گھر جارہی تھی کہ راستے میں نشے میں دھت نوجوانوں نے ان کا تعاقب کیا اور چھیڑ خانی شروع کردیا۔ دامنی نے بتایا کہ خواتین کیلئے مختص ہیلپ لائن 1090پر شکایت درج کرائی لیکن مدد کیلئے کوئی نہیں پہنچا۔دامنی نے اپنے ساتھ ہونیوالے واقعہ کی رپورٹ فیس بک پر جاری کردی جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ خواتین ہیلپ لائن(1090) کے سربراہ آئی جی نونیت سکیرا نے کہا کہ ہمیں دامنی کے ساتھ ہونے والے واقعہ پر افسوس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاپروائی برتنے کے الزام میں ہیلپ لائن پر کام کرنیوالے 2اہلکاروں کو معطل کردیاگیا۔