برازیلیا..... کہا جاتا ہے کہ عمر کی حقیقت اعداد کے سوا کچھ نہیں یعنی ہوسکتا ہے کہ کوئی زیادہ معمر آدمی جوانوں کے مقابلے میں زیادہ چاق و چوبند ہو اور کوئی جوان آدمی بوڑھوں سے بدتر کارکردگی دکھاتا ہو۔ اس حوالے سے یہاں رہنے والی ایک خاتون سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 67سالہ خاتون جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اپنی پھرتی اور بڑھاپے میں جوانوں جیسی حرکت کرنے کی وجہ سے مقامی لوگوں میں بیحد مقبول ہیں۔ بیٹھکیں لگانے سے فرصت ملتی ہے تو بھی وہ تازہ دم نظرآتی ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ اگر آس پاس کے کسی میدان میں فٹبال میچ ہورہا ہو تو وہ وہاں پہنچتی ہیں اور دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر فٹبال کھیلتی ہیں۔ انکی ہر حرکت تماشائیوں کیلئے دلچسپی اور قابل تقلید ہوتی ہے اور لوگ مسلسل تالیاں بجاتے رہتے ہیں اور انکی حوصلہ افزائی کرکے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خاتون کے بارے میں جو وڈیو جاری ہوئی ہے اسے اجراء کے فوری بعد 624ہزار مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ وڈیو دیکھنے والے حیران ہیں کہ آخر خاتون میں اتنی توانائی کہاں سے آئی۔