Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کڈززون آرٹس اینڈ کلچرل اکیڈمی جدہ کے زیر اہتمام آرٹس اینڈ ڈیزائننگ مقابلے

طلباءکے ساتھ اولیائے طلباءکو بھی شریک مقابلہ کیا گیا ، بچوں میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو ابھارنا چاہتے ہیں، رشید عثمانی
جدہ ( امین انصاری )کڈززون آرٹ اکیڈمی جدہ کے زیر اہتمام 7 سال سے 15 سال کے بچوں میں آرٹس اور ڈیزائننگ مقابلہ رکھا گیا ۔یہ مقابلہ ہندوستان کی69 ویں یوم جمہوریہ ہند کی خوشی میں منعقد کیا گیا تھا ۔ مقابلے میں شرکت کرنے والے بچوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف تاریخی اور یادگار عمارتوں ، پھلوں ، پرندوں اور قومی ترانے کی تصاویر بناکر شرکاءکو حیران کردیا ۔ کڈز زون آرٹس اینڈ کلچرل اکیڈمی جدہ نے پہلے بھی اس طرح کے مقابلے منعقد کرکے بچوں کے اندر چھپے ہوئے فن کو ابھارا تھا ۔ حال ہی میں قونصلیٹ جنرل میں منعقد ہونے والے تلنگانہ ڈے کے موقع پر بڑے پیمانے پر آرٹس اینڈ ڈیزائننگ کے مقابلے منعقد کئے گئے تھے جس میں 100 سے زائد طلباء وطالبات نے حصہ لیا تھا ۔ اس موقع پر کڈز زون آرٹ اکیڈمی جدہ کے صدر و بانی رشید عثمانی نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں میں چھپے ہوئے دیگر ٹیلنٹ کو بھی سامنے لائیں تاکہ وہ زندگی کے دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی کرکے اپنا نام روشن کرسکیں ۔ آج کے مقابلے کی ایک خصوصیت یہ تھی کہ کمسن طلباءکے ساتھ آنے والے والدین کو بھی ہم نے شریک مقابلہ کیا اور ہمیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ بے شمار والدین نے بہترین ڈرائنگ کی اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے مقابلے ہر 3 ماہ میں منعقد کیا کریں تاکہ ہمارے بچوں کے ساتھ ساتھ ہم بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرسکیں ۔ اس موقع پر اکیڈمی نے بچوں میں کیلے سے شکل بنانے کا مقابلہ بھی رکھا جو بہت کامیاب رہا ۔ بے شمار بچوں نے ماڈلز اور جانورو ں کی شکلیں بناکر داد حاصل کی ۔ مقابلے کو ترتیب دینے میں حسن ، فہیم انصاری ، علیم ،محمد الیاس اور دیگر نے حصہ لیا ۔ عصیم الدین انصاری نے کامیاب طلباءکیلئے انعامات کا اہتمام کیا ۔ اکیڈمی نے حصہ لینے والے تمام طلباءو طالبات اور اولیائے طلبا کو توصیفی سند دی ۔جبکہ کامیاب ہونے والوں کو شیلڈ بھی دی گئی۔ 

شیئر: