پاکستان میں مکمل طور پر اسلامی نظام کا قیام ہی وقت کی اشد ضرورت ہے ، گل نصیب
تحریک انصاف کی حکومت کی ناقص کارکردگی نے ہماراکام آسان کردیاہے، رہنما جے یو آئی کی اردونیوز سے گفتگو
* * * *
محمد عامل عثمانی۔ مکہ مکرمہ
جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کے امیر مولانا گل نصیب خان نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت ہی صحیح معنوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتی ہے ،ہر کام فوج نہیں کرسکتی ، فوج صرف مہمات اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اردو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ متحدہ مجلس عمل کی بحالی پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوے مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ جمہوریت پر مسلط موروثی اور وڈیرہ شاہی کی سیاست کے خاتمے کیلئے متحدہ مجلس عمل بہترین پلیٹ فارم ہے جس نے ماضی میں خیبر پختونخوااور بلوچستان میں حکومت تشکیل دیکر مثالی امن قائم اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ اس لئے ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم ایم اے تشکیل دی جارہی ہے تاکہ دینی جماعتیں متحدہ پلیٹ فارم سے قومی انتخابات میں بھر پور حصہ لیں ۔ متحدہ مجلس عمل وقت کی اشد ضرورت ہے ۔ پاکستان کا قیام اسلامی نظریہ کی بنیاد تھا اور یہی اس کی بقا اور استحکام کا ضامن ہے ۔ پاکستانی عوام گزشتہ 7 دہائیوں سے ان ہی چہروں کو آزماتے رہے ہیں جنہو ںنے ملک و قوم کیلئے کبھی کچھ نہیں کیا بلکہ اپنی جیبیں بھریں ۔ متحدہ مجلس عمل کے پاس ٹھوس منشور ہے جو وطن عزیز کے استحکام و ترقی کا ضامن ہو گا ۔ مولانا نے پرزور اندا ز میں کہا کہ ہمارا اصل ہدف ملک میں نظام ِ مصطفی کا قیام، اسلامی اقدار وقوانین بالخصوص عقیدۂ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے قانون کا تحفظ کروانا ہے ۔ ایم ایم اے ملک میں تمام مسالک کے ما بین باہمی احترام و رواداری کا ماحول پیدا کرکے اسلامی نظام ِزندگی کے قیام کی بھر پور جد وجہد اور لادین عناصر کی یلغار کا مقابلہ کریگی۔ بس ہماری عوام سے اپیل ہے کہ وہ آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کا صحیح استعمال یقینی بنائے ۔ خیبر پختونخوا میں موجودہ حکومت کی کاکردگی کے سوال پر کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور انکی ناقص کارکردگی نے ہمارا کام آسان کردیا ہے جس کے باعث آئندہ وہاں ایم ایم اے کی حکومت کے قیام کیلئے از خود ہی راستہ استوار ہوگیا ہے۔