تندرستی ہزار نعمت ہے . اگر آپ تندرست ہیں تو دنیا کی ہر چیز خوبصورت ہے ہر نعمت لازوال ہے . ہم میں سے ہر شخص اچھی زندگی اور اچھے مستقبل کا خواہاں ہے اور اسکے لیے محنت اور جدوجہد کرتا ہے لیکن کامیابی کی اس دوڑ میں ہم اکثر صحت کو نظر انداز کر دیتے ہیں . کام کے ساتھ صحت کا خیال بھی بے حد ضروری ہے اور اچھی صحت کے لیے اچھی خوراک اہم ہے . جنک فوڈز ، سافٹ ڈرنکس اور مضر صحت اشیاء کو اپنی زندگی سے نکال پھینکیں اور پھل ، سبزیاں اور میوہ جات کو اپنی روزمرہ کی خوراک کا حصہ بنائیں . بازار سے صرف تازہ اشیاء خریدیں اور پروسیسڈ اور پہلے سے تیار شدہ اشیاء کا استعمال ترک کر دیں . وہ تمام اشیاء جو پیکٹ یا کین میں دستیاب ہوں اور انہیں طویل مدت تک محفوظ رکھنے کے لیے پریزرویٹیو کی کثیر مقدار شامل کی گئی ہو مضر صحت ہیں ۔
صاف پانی زندگی اور صحت کا ضامن ہے ۔ تازہ خوراک کے ساتھ صاف ، فلٹرڈ پانی کا استعمال بھی بہت ضروری ہے ۔ اگر آپ فلٹرڈ واٹر خریدنے کی سکت نہیں رکھتے تو کم از کم پانی کو ابال کر تو استعمال کر سکتے ہیں ۔ روزانہ آٹھ سے بارہ گلاس پانی پینے کو اپنا معمول بنالیں ۔
باقاعدگی سے ورزش کریں ۔ صبح کے وقت چہل قدمی جسم اور دماغ دونوں کو پرسکون اور صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہے ۔ اگر جسم میں کوئی کمزوری محسوس ہو تو اپنے معالج سے رجوع کریں ۔ بہت سے افراد میں وٹامنز اور آئرن کی کمی پائی جاتی ہے جسے فوری طور پر دور کرنا ضروری ہے ۔ بڑھتے وزن پر بھی توجہ دیں ۔ ٹینشن اور ڈپریشن سے خود کو دور رکھیں ۔ مثبت سوچ اور طرز زندگی اختیار کریں یہ تمام چیزیں آپ کو تندرست و توانا اور زندگی کو آپ کے لیے حسین بنا دیں گی ۔ سچ ہے جان ہے تو جہان ہے ۔