زندگی کی تمام خوبصورتی آنکھوں کے دم سے ہے . کوئی خوبصورت لمحہ ہو یا کوئی بھی جاذب نظر نظارا ، ہر شے نگاہوں سے ہوتی ہوئی ہماری حسین یادوں کا حصہ بن جاتی ہے . آنکھیں ہزار نعمت ہیں اور ان کی حفاظت بھی اتنی ہی اہم ہے . آنکھوں کی متاثرہ صحت نظر کی کمزوری کا باعث بنتی ہے . اچھی اور متوازن غذا اور احتیاط کے ذریعے نظر کی کمزوری سے بچا جاسکتا ہے . ذیل میں چند مفید ٹوٹکے درج ہیں جن کے ذریعے آنکھوں کوصحت مند اور نظر کوبہتر بنایا جا سکتا ہے .
بادام اور سونف کا روزانہ استعمال نظر کی کمزوری سے بچانے میں مدد دیتا ہے ۔ گاجر آنکھوں کے لئے بے حد مفید ہے آپ چاہے کچی گاجر کھائیں ، اس کا جوس پیئیں یا اس کا مربع کھائیں ، یہ ہر صورت میں آنکھوں پر مثبت اثر ڈالتی ہے . آنکھوں کی جلن یا سرخی کی صورت میں دھنیے کے پانی سے آنکھیں دھونے سے جلن اور سرخی میں آرام آجاتا ہے . پارسلے کا جوس بھی آنکھوں کےلئے انتہائی مفید ہے یہ آنکھوں کی بیماریوں جیسا کہ کار نیل السر ، سفید موتیا ، آنکھوں کی سوزش اور ورم وغیرہ دور کرنے کے لیے انتہائی مفید ہے .
آنکھوں کی ورزش بھی نظر کو کمزور ہونے سے بچانے کے لیے ضروری ہے . آنکھوں میں تھکن اور جلن کی صورت میں کھیرے کے ٹکڑے آنکھوں پر رکھنے سے درد میں آرام ملتا ہے ، آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچتی ہے اور نظر بھی ٹھیک رہتی ہے . خشک میوہ جات جیسا کہ بادام ، کاجو اور اخروٹ کھانے سے دماغ تر رہتا ہے اور آنکھوں کی نظر درست رہتی ہے .
آنکھوں کی حفاظت کے لیے ٹی وی ہمیشہ فاصلے سے دیکھا جائے . کمپیوٹر کا استعمال کم سے کم کیا جائے اور اگر استعمال ضروری ہو تو حفاظتی سکرین کا استعمال کیا جائے . اسکے علاوہ آنکھوں کی صحت کے لئے بھر پور نیند بھی بہت اہم ہے .