سہ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کےلئے رضوان سینیئر کپتان منتخب
کراچی:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دورہ عمان کےلئے قومی ٹیم میں 21 افراد پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ سہ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان کے علاوہ جاپان کی ٹیم حصہ لے گی۔اسکواڈ کا فیصلہ کراچی میں عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں2 روزہ ٹرائل کے بعد کیا گیا۔ پاکستانی کپتان محمد عرفان نے ذاتی وجوہ کی بناءپر دورہ عمان کیلئے معذرت کی تھی۔ان کی معذرت کے بعد رضوان سینیئر کو گرین شرٹس کا نیا کپتان منتخب کیا گیا جبکہ ارسلان قادر کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔دیگر کھلاڑیوں میں مبشر، رضوان جونیئر، تصور عباس، ابوبکر، فرید توثیق، عمر بھٹہ، شفقت رسول، امجد علی، فیصل قادر، حماد شکیل بٹ، اظفر یعقوب، اعجاز احمد، علی شان، عتیق ارشاد سجی اور تنظیم الحسن شامل ہیں۔حسن سردار جنہیں حالیہ ورلڈ الیون کے دورے پاکستان میںکوچ اور منیجر کا عہدہ دیا گیا تھا انہیں بحال رکھا گیا ہے۔حسن سردار کے ساتھ ریحان بٹ اور محمد ثقلین اسسٹنٹ کے طور پر فائزہےں۔قومی ٹیم 10 یا 11 فروری کو مسقط کے لئے روانہ ہوگی جہاں 14 سے 20 فروری کے درمیان سہ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو رہا ہے۔