سونے کی تجارت میں جدت لاتے ہوئے چین کے شہر شنگھائی میں ایک اے ٹی ایم مشین متعارف کروائی گئی ہے، جس کی مدد سے شہری بغیر کسی کاغذی کارروائی کے اپنا سونا بیچ کر نقد رقم حاصل کر سکتے ہیں۔
چائنہ ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ سمارٹ گولڈ اے ٹی ایم مشین چائنہ کے ’کنگ ہُوڈ‘ گروپ نے متعارف کروائی ہے۔
مزید پڑھیں
یہ مشین سونے کو پرکھتی ہے، پگھلاتی ہے، وزن کرتی ہے اور اس کی پاکیزگی کا تعین کرتے ہوئے اس کے مساوی رقم کو براہ راست بیچنے والے کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیتی ہے۔
اس مشین میں تین گرام سے زیادہ وزنی سونے کی اشیا کو ڈپوزٹ کیا جا سکتا ہے اور یہ صرف اس سونے کو قبول کرتی ہے جس کی پاکیزگی کی سطح کم از کم 50 فیصد ہوتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مشین نے شنگھائی میں بڑی تعداد میں ہجوم کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے، اور سونے کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے درمیان بہت سے رہائشی سونا بیچنے کے لیے قطار میں کھڑے دکھائی دیے۔
اس مشین کو استعمال کرنے کے لیے تمام اپائنٹمنٹ سلاٹس مئی تک بک کیے جا چکے ہیں جو کہ اس کی زیادہ مانگ کو ظاہر کرتا ہے۔
A gold ATM in Shanghai, China
It melts the gold and transfers the amount corresponding to its weight to your bank account.
— Tansu Yegen (@TansuYegen) April 19, 2025
ایک عملی مظاہرے کے دوران دیکھا گیا کہ مشین میں 40 گرام سونے کا ہار ڈالا گیا، جس کے بعد مشین نے اسے پرکھتے ہوئے پر گرام سونے کی قیمت 785 یوآن ظاہر کی اور ہار کے وزن کے حساب سے کُل 36 ہزار یوآن کی رقم آدھے گھنٹے میں صارف کے اکاؤنٹ میں منتقل کی۔
اگرچہ یہ تصور کسی مستقبل کی ٹیکنالوجی کا لگتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک وسیع تر رجحان کی عکاسی کرتا ہے جس کے نتیجے میں شہری اپنے پاس موجود سونے کی بڑی تعداد کو کیش میں منتقل کروا رہے ہیں۔
شنگھائی گولڈ ایسوسی ایشن کے ایک رکن سو ویکزین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ’سمارٹ گولڈ اے ٹی ایم ایس بنیادی طور پر کاروباری نقطہ نظر سے ری سائیکلنگ کا کام کرتا ہے۔ سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ شہریوں میں نقد رقم نکالنے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔‘
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس اے ٹی ایم کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس نے لوگوں کو حیرت یں مبتلا کر دیا ہے اور لوگ اس کی سکیورٹی پر بھی سوالات کر رہے ہیں۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ویڈیو میں جو آپ دیکھ رہے ہیں وہ پورے عمل کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے، دراصل مشین میں سونا ڈپوزٹ کرنے سے قبل سٹاف اس کی تصدیق بھی کرتا ہے۔