68 فیصد پاکستانی صحافی انٹرنیٹ پر ’غیر محفوظ‘
اسلام آباد..... ڈیجیٹل رائٹس فاﺅنڈیشن ڈی آر ایف کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 68 فیصد پاکستانی صحافی انٹرنیٹ پر خود کو بلیک میلنگ، ہیکنگ، دھمکیوں، ہراساں کئے جانے، معلومات کی چوری اور آن لائن تعاقب کئے جانے کے حوالے سے غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ڈیجیٹل ان سیکیورٹی آف جرنلسٹس ان پاکستان کے نام سے شائع ہونے والی رپورٹ کو ملکی سطح پر سروے کے بعد تیار کیا گیا ہے۔رپورٹ میں صحافیوں کی انٹرنیٹ پر خطرات اور تحفظات پر نظر ڈالی گئی ہے ۔سروے کو 2حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔پہلے حصے میں صحافیوں کی ڈیجیٹل سیکیورٹی پر معلومات کو جمع کیا گیا۔دوسرے حصے میں انٹرنیٹ پر دھمکیاں یا ہراساں کئے جانے کے واقعات کا نشانہ بننے والے صحافیوں کو شمار کیا گیا۔ 68 فیصد جواب دہندگان کا کہنا تھا کہ انہون نے انٹرنیٹ پر دھمکی اور ہراساںکئے جانے کے واقعات کا سامنا کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیادہ تر افراد کو انٹرنیٹ پر تحفظات نہ ہونے کا سامنا ہے۔رپورٹ کو صحافیوں کے تحفظات کے حوالے سے نئے بل پر قانون سازوں کو تجویز کے طور پر پیش گیا ہے۔ڈیجیٹل رائٹس فاﺅنڈیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بل کے پہلے ڈرافٹ میں صحافیوں کی آن لائن سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی بات نہیں تھی۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس رپورٹ کا مقصد قانون سازوں کو صحافیوں کی آن لائن تحفظات، ان کی دماغی صحت کی حفاظت، کام کا معیار، صحافیوں کی سیکیورٹی اور آزادی اظہار رائے کے حوالے سے آگاہ کرنا تھا۔ رپورٹ میں میڈیا اداروں کو بھی ان خطرات کے حوالے سے تربیتی پروگرام کئے جانے کی تجویز دی گئی۔