کابل میں حملوں کا مقصد بغاوت شروع کرانا ہے،افغان وزیر داخلہ
کابل...افغانستان کے وزیر داخلہ نے کہاہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے کابل میں عام شہریوں کو ہدف بنانے کا مقصد ملک میں بغاوت شروع کرانا ہے۔افغان وزیر داخلہ وارث برمک نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ طالبان اور داعش کا مشترکہ مقصد لوگوں کو حکومت کیخلاف اکسانا ہے۔اُن کے مطابق دونوں عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو حکومت کیخلاف اکسایا جائے تاکہ حکومت کا خاتمہ ہو جائے اور افراتفری کا ماحول پیدا ہو۔ دونوں کا ماخذ ایک ہی ہے ۔خیال رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران کابل میں 4بڑے حملوں میں130 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے اور ان حملوں میں سے 2کی ذمہ داری افغان طالبان اور 2کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔ جیل میں قید خود کو داعش کہنے والی تنظیم کے ایک جنگجو نے بی بی سی کو بتایا کہ دونوں تنظیموں کے مقاصد مختلف ہیں۔