انقرہ۔۔۔ترکی کی فوج کا کہنا ہے کہ شام کے شمالی علاقے عفرین میں کرد ملیشیا کیخلاف کارروائی میں اسکے 7 فوجی ہلاک ہو گئے ۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ترکی کے ایک ٹینک پر عفرین میں حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اسکے فوجی ہلاک ہو گئے۔ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ شدت پسندوں کو اس کی دگنی قیمت چکانی ہو گی۔ان کے اس اعلان کے بعد ترکی کے جنگی جہازوں نے عفرین کے شمال مشرق میں کرد ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔خیال رہے کہ ترکی نے کرد جنگجو تنظیم وائی پی جی ملیشیا کو عفرین سے بے دخل کرنے کے لیے گزشتہ ماہ 20 جنوری کو کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ترکی وائی پی جی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے جبکہ شام میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف جنگ میں اس تنظیم کو امریکی اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔ترکی شام کے علاقے عفرین سے کرد جنگجوؤں کا انخلا چاہتا ہے جو کہ 2012 سے کردوں کے کنٹرول میں ہے۔