خواتین کی تنظیم ہمنوا نے تفریح اور معلومات سے بھرپور سفر کا پروگرام مرتب کیا جو معروف ڈیری فارم کمپنی کا تھا ۔ تنظیم کی صدر بلقیس صفدر ،جنرل سیکرٹری شمائلہ شہباز کے علاوہ دیگر خواتین میں، ہما صدیق، غزالہ راجہ، ثوبیہ ریاض، افشین فیصل، ثناء درانی، یاسمین اسلم، مدیحہ نعمان اور دیگر خواتین ڈیری فارم پہنچیں جہاں ان کا استقبال ڈیری فارم کی انتظامیہ نے کیا ۔ انہوں نے ہمنوا کی خواتین کو بتایا کہ اس فارم پر اعلی نسل کی سینکڑوں گائیں موجود ہیں۔ ان کی دیکھ بھال کے لئے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں ۔ ڈیری فارم پر گائے کی بہتر افزائش کے لئے ایسے شیڈ بنائے گئے ہیں جن پر گائے اور بھینسوں کو ایک خاص ٹمپریچر میں رکھا جاتا ہے۔ دودھ دھونے کے لئے مشینی عمل سے گزارا جاتا ہے ۔روزانہ سینکڑوں لیٹر دودھ ان سے حاصل کیا جاتا ہے۔ جسے پروسسنگ یونٹ بھیجا جاتا ہے جہاں دودھ کو اسٹینڈیزڈ کیا جاتا ہے اور اس سے دہی اور لسی بنانے کے علاوہ تازہ دودھ کو ڈبوں میں پیک کیا جاتا ہے ۔پھر اس کی مارکیٹ میں ترسیل کا عمل شروع ہوتا ہے۔ ڈیری فارم کی ٹیم نے بتایا کہ ہمارے ہاں انٹرنیشنل اصول رائج ہیں جن پر سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔تمام تر عمل کی جانچ کے لئے لیبارٹریز قائم ہیں جہاں ماہرین جائزے کے بعد اس کو مارکیٹوں میں بھیجنے کی اجازت دیتے ہیں۔ہمنوا لیڈیز کلب کی خواتین نے بیش قیمت معلومات دینے پر فارم کا شکریہ ادا کیا جبکہ فورم کی خواتین کی جانب سے صدر بلقیس صفدر اور جنرل سیکریٹری شمائلہ شہباز کا بھی شکریہ ادا کیا گیا کہ انہوں نے اتنے اچھے طریقے سے تفریح پرگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ۔