سعودی تاجر پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں،سعودی عرب کے تجارتی وفد کا دورہ کامیاب رہا، امجد صدیقی
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
پاکستان منسٹری آف کامرس اور سفار ت خانہ پاکستان کی مشترکہ کاوشوں سے اسلام آباد میں پاک سعودی جوائنٹ منیسٹیریل کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی نے اپنے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ کا کہنا تھا کہ دورے کا اصل مقصد پاک سعودی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ سعودی عرب پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کے لئے تیار ہے۔پاک سعودی جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی صدر میاں محمود احمد نے اپنے خطاب میں کہا ریاض میں پاکستان بزنس کمیونٹی کے لیے پاکستان بزنس ٹریڈ سینٹر کھولنے کی اجازت دی جائے جس کو سعودی وزیر تجارت اور سرمایہ کاری نے بہت سراہا اور اس بات کی یقین دبانی کروائی کہ ہماری وزارت پاکستانی مصنوعات کو سعودی عرب میں متعارف کروانے کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ اس سلسلے میں بہت جلد ریاض میں پاکستان ٹریڈ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا جہاں پر ایک چھت کے نیچے ہر طرح کی پاکستانی مصنوعات نمائش کے لئے رکھی جائیں گی۔ امجد صدیقی نے مزید بتایا کہ ہمارا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے، کاروبار میں حائل مشکلات دور کرکے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کرنا ہے۔
سعودی تاجر پاکستان میں تعلیم، صحت اور پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔ اس سلسلے میں جدہ چیمبر آف کامرس کے سینئر وائس چیئرمین وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کروا دی گئی ہے ۔ اس وقت سعودی کی درآمدات تقریباً1071رب ڈالر کی ہیں، دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں افراد حج و عمرہ کے لیے آتے ہیں ان کی غذائی طلب پوری کرنے کے لیے ہم اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ پاکستان رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کا وفد پہلے ہی سعودی عرب کا دورہ کر چکا ہے جو نہایت کامیاب رہا، اس کے علاوہ گوشت، پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ بڑھانے پر بھی غور ہو رہا ہے۔