ٹوکیو.... آج کے دور میں جبکہ روبوٹ ٹیکنالوجی مسلسل پیشقدمی میں مصروف ہے ۔ اب جاپان میں ایک ریستوران میں کافی بنانے کا کام بھی روبوٹس نے سنبھال لیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ریستوران کی اس انوکھی سروس کو لوگ کافی پسند کررہے ہیں اور اس سے خوش بھی ہیں۔ اس سلسلے میں مقامی ہینا کیفے والوں نے اپنے ایک ملازم روبوٹ کو سائیر کا نام دیدیا ہے اور وہ بڑی تندہی سے نہ صرف کافی تیار کرتا ہے بلکہ گاہکوں کو پیش بھی کرنے کے طور طریقے بھی آگئے ہیں۔ یہ کیفے ٹوکیو کے مرکزی مارکیٹنگ علاقے شیوبا میں واقع ہے۔ واضح رہے کہ سائیر جاپانی زبان کا لفظ ہے جسکا مطلب ’’حیرت انگیز‘‘ ہوتا ہے او ریہ کیفے یقینا سب کو خوش کرنے کے ساتھ حیران بھی کررہا ہے۔ جو روبوٹ یہ خدمات انجام دے رہا ہے وہ صرف ایک بازو والا ہے اور اسے باریسٹا مشین ساز کمپنی نے تیار کیا ہے۔ وہ اپنے ایک ہاتھ سے کافی کے بیج گرائینڈ کرتا ہے پھر کافی کے سفوف کو چھلنی سے چھانتا ہے اور پھر اسے کاغذی کپ میں ڈال کر اس میں گرم پانی ڈال دیتا ہے اور اسے حاصل کرنے کیلئے کاؤنٹر کے قریب لگی مشین سے واؤچر لینا پڑتا ہے یعنی پہلے ادائیگی پھر کافی حاصل کی جاسکتی ہے۔ کمپنی جلد ہی اپنی دیگر برانچز میں یہ کافی روبوٹ لگانے پر غور کررہی ہے۔تاہم ان خصوصی خدمات کے عوض کیفے والوں نے کافی کی فی پیالی کی قیمت نسبتاً بڑھا دی ہے مگر پھر بھی لوگ بڑے شوق سے اسے خریدتے ہیں اور اسے پی کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔ کافی صرف چند منٹ میں تیار ہوجاتی ہے اور اسکی قیمت 3ڈالر فی کپ رکھی گئی ہے۔