نیویارک.... امریکن سیکرٹ سروس کے ا ہلکاروں نے انکشاف کیا ہے کہ اب ہیکرز نے اے ٹی ایم سے رقم چرانے کیلئے ایک نیا طریقہ استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔جسے جیک پوٹنگ تکنیک کہا جاسکتا ہے اور اس طریقے سے اب تک یہ لوگ 10لاکھ ڈالر نکال چکے ہیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ اس تکنیک کے ذریعے مشین میں پڑی کرنسی بہت تیزی سے باہر نکلنے لگتی ہے اور ایسے واقعات امریکہ کے طول و عرض کے علاوہ نیو انگلینڈ میں بھی پیش آرہے ہیں جبکہ بعض لاطینی امریکی ممالک اور یورپ کے کچھ حصے بھی برسوں سے اس واردات سے متاثر ہورہے ہیں۔ سیکرٹ سروس کے حکام کا کہناہے کہ گزشتہ چند دنوں میں جیک پوٹنگ کے 6 بڑے واقعات نیویارک اور اسکے نواح میں پیش آچکے ہیں۔ کریمنل انویسٹی گیشن ڈویژن کے اسپیشل ایجنٹ میتھیو اونیل کاکہناہے کہ نئی تکنیک پر قابوپانے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں اور امید ہے کہ جیک پوٹنگ کا توڑ جلد سامنے آجائیگا۔