گودام میں جعلی صابن ، شمپو اور دیگر اشیاءتیار کی جاتی تھیں ، ریجنل پولیس ترجمان
جدہ ( ارسلان ہاشمی) ریاض میں پولیس اور وزارت تجارت کی ٹیموں نے جعلی اشیاءبنانے والی فیکٹری سیل کر کے 21 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کر لیا ۔ ریجنل پولیس ترجمان نے اردونیوز کو بتایا کہ مملکت میں جاری غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک گودام پرچھاپا مارا جہاں بڑی تعداد میں غیر ملکی بھی مقیم تھے ۔ تفتیشی ٹیم کے اہلکار وں نے گودام کی تلاشی لی تو وہاں بڑی مقدار میں مختلف قسم کے جعلی ڈیٹرجنٹ اور کیمیکلز برآمد ہوئے ۔ ملزمان جعلی صابن اور صفائی میں استعمال ہونے والے ڈیٹرجنٹ بنا کر ان پر معروف برانڈ کے لیبل چسپاں کرنے کے بعد انہیں مارکیٹ میں فروخت کیا کرتے تھے ۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گودام سے جعلی کریموں اور مختلف ڈیٹرجنٹس کے ایک لاکھ 15 ہزار کارٹن برآمد ہوئے جبکہ جعلی صابن اوردیگر مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل بھی بڑی مقدار میں برآمد ہوا ۔ ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا جبکہ ان غیر ملکیوں کو پناہ دینے والے اور انکی پردہ پوشی کرنے والے کو بھی گرفتار کیا جائیگا ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت کے قوانین کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو پناہ دینا اور انہیں روزگار فراہم کرنے والے افراد خواہ وہ مقامی ہوں یا غیر ملکی وہ بھی قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں ۔