ورزش سے رہیں جوان و حسین
اگر آپ لمبے عرصے تک جوان رہنا چاہتے ہیں اور خود کو بڑھاپے سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو روزانہ ورزش کو اپنا معمول بنا لیں . اس کے ذریعے آپ اپنی صحت اور خوبصورتی کو لمبے عرصے تک قائم رکھ سکتے ہیں کیونکہ دیرپا جوان نظر آنے کا انحصار خوبصورت اور صحت مند جلد پر ہے . جتنی جلد خوبصورت اور دلکش ہو گی سراپا بھی اتنا ہی خوبصورت نظر آئے گا . یوں تو عمر گزرنے کا سفر جاری رہتا ہی ہے یہ قدرتی عمل ہے جسے ہم نہ تو روک سکتے ہیں اورنہ ہی اپنے ہاتھ میں لے سکتے ہیں لیکن اپنی جلد کا مناسب خیال رکھ کر چہرے پر عمر رسیدگی کے اثرات کو عیاں ہونے سے روکا جا سکتا ہے . اس ضمن میں ورزش آپ کے لیے بے حد مدد گار ثابت ہوسکتی ہے . یہ خون کی روانی کو بہتر بناتی ہے جس کے باعث خون جسم کے تمام اعضاء اور بالخصوص جلد تک مناسب مقدار میں پہنچتا ہے اور جلد خوبصورت اور تروتازہ دکھائی دیتی ہے . باقاعدہ ورزش نیند کو بھی بہتر بناتی ہے جو کہ صحت مند رہنے کے لیے بہت ضروری ہے . لہذا جوان اور خوبصورت رہنے کے لیے روزانہ بھاگنے دوڑنے ، واک کرنے اور ورزش کرنے کو اپنا معمول بنا لیں .