Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے میں 209 رنز:اسلام آباد کے عابد علی کا نیا ریکارڈ

لاہور: ڈومیسٹک ریجنل کپ میچ میں اسلام آباد کے اوپنر عابد علی نے209 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نیا ریکارڈ بنا دیا، انھوں نے لسٹ اے مقابلوں کے ٹاپ اسکورر کی فہرست میں11ویں نمبر پر اپنا نام درج کرالیا،عابد علی کو محمد علی،خالد لطیف اور کامران اکمل کے بعد 24رکنی ڈبل سنچری میکرز کلب میں جگہ بنانے والے چوتھے پاکستانی کا اعزاز بھی مل گیا۔ قومی ریجنل ون ڈے کپ میں اسلام آباد کی نمائندگی کرنے والے عابد علی نے پشاور کے بولرز کی درگت بناتے ہوئے ناقابل شکست 209رنز کی اننگز کھیلی۔ انھوں نے 24چوکے اور 5 چھکے لگائے۔ یہ لسٹ اے میں کسی بھی سطح پر پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی اننگز ہے،اس سے قبل 2005میں سیالکوٹ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کسٹمز کے محمد علی نے ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی کیخلاف 207رنز بنائے تھے،ان کے ساتھ 2 ڈبل سنچری میکرز میں ایک نام خالد لطیف کا بھی ہے۔پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں 5 سالہ پابندی کا شکار ہونے والے اوپنر نے2009میں کراچی ڈولفنز کی جانب سے کراچی میں ناقابل شکست 204کی اننگز کھیلی تھی،کامران اکمل نے رواں سال جنوری میں ہی واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے حیدرآباد میں حبیب بینک کیخلاف 200رنز بنائے تھے، عابد علی نے نہ صرف چوتھی ڈبل سنچری بلکہ سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی بنایا۔ لسٹ اے کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز سرے کاونٹی کے اے ڈی براون کو حاصل ہے۔ انھوں نے 2002میں گلیمورگن کیخلاف میچ میں 268 رنز بنائے تھے،ٹیم نے اس میراتھن اننگز کی بدولت 5وکٹوں پر 438 کا ریکارڈبنایا، حیرت کی بات ہے کہ جواب میں گلیمورگن نے بھی429رنز بنا دیے۔اس ٹوٹل میں 2 بیٹسمینوں کی سنچریاں شامل تھیں۔ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز ہندوستانی بیٹسمین روہت شرما کو حاصل ہے،اوپنر نے 2014میں کولکتہ میں سری لنکا کیخلاف 264رنز بنائے تھے۔روہت شرما ایک روزہ میچز میں 3 ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں، انھوں نے 2013میں آسٹریلیا کیخلاف بنگلور میں کھیلے جانے والے میچ میں 209 رنز بنائے، پھر 2017میں سری لنکا کیخلاف موہالی میں ناقابل شکست 208رنز بنا دیے، ون ڈے انٹرنیشنل کے دیگر ڈبل سنچری میکرز میں شیکھر دھون(248)،مارٹن گپٹل (237)، وریندر سہواگ (219) اورکرس گیل (215) شامل ہیں۔ پاکستان کی طرف سے ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے بڑا اسکور 194سعید انور نے ہندکیخلاف 1997میں چنئی میں بنایا تھا ،مجموعی طور پر لسٹ اے کرکٹ میں عابد علی نے 11ویں بڑی انفرادی اننگز کھیلی اور ڈبل سنچری میکرز کلب کے 24ویں رکن بن گئے۔
 

شیئر: