جدہ .... معروف سعودی دانشور اور سابق سفارتکار ڈاکٹر علی الغامدی نے کہا ہے کہ برصغیر کی تقسیم 2 قومی نظریہ پر ہوئی تھی جس کے تحت پورے کشمیر کوپاکستان کا حصہ ہونا چاہیے تھاکیونکہ وہا ں 90 فیصدمسلمان تھے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر جدہ میں مجلس محصورین پاکستان کے تحت سمپوزیم سے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بروقت احتجاج پر مجبور ہوکر نہرو نے سلامتی کونسل کی قرارداد پر وعدہ کیا کہ حالات بہتر ہوتے ہی اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق رائے شماری کرائے جائے گی۔ 70سال کے بعد بھی اس پر عملدرآمدنہ ہوسکاجو اقوام متحدہ کی ناکامی ہے۔ حکومت پاکستان کا فرض ہے او آئی سی کے ذریعہ اقوام متحدہ میں اس معاملے کو بھر پور طریقے سے اٹھایا جا ئے تاکہ ہندوستان کشمیر میں رائے شماری پر مجبور ہوجائے۔ا نہوںنے کہا مسئلہ محصورین کے حل کے لئے بھی حکومت پاکستان کو اقدامات کرنے ہونگے۔ انہیں باعزت طریقہ سے لا کر پاکستان میں آباد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔مہمان خصوصی چوہدری خورشید احمد متیال نے کہا کہ ہندوستانی فوج کشمیریوں پر مظالم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کی حمایت سے جلد کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا ۔پاکستان رائٹرفورم کے صدر انجینئر سید نیاز احمد نے کہا امتِ مسلمہ ایک جسدکی طرح ہے جس میں کہیں تکلیف ہو تو پورے جسم میں درد ہوتا ہے۔ اس طرح مسئلہ کشمیر، فلسطین، میانمار وغیرہ بھی امت کے زخم کی طرح ہیں۔انہیں جلد حل کرنے سے امت سکھ پاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن پاکستانیوں کو بنگلہ دیش سے لاکر پاکستان میں جلد آباد کیا جائے۔ دانشور فیصل طاہر خان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بہتر لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان سرزمین پارٹی مڈل ایسٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد نعیم قائم خانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف امتِ مسلمہ کا نہیں بلکہ پوری دنیاکاہے ۔ ہندوستانی فوج کاظلم وستم زیادہ عرصہ نہیں چلے سکتا۔پاک میڈیا گروپ کے صدر چوہدری رضوان نے کہا گزشتہ ماہ بیلجیئم کے دورے میں دیکھا کہ یورپی مسلمان کشمیر کاز کے لئے کشمیریوں اور پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔شمس الدین الطاف نے عربی میں تقریر کی اور مسائل کشمیر و محصورین کے حل کا مطالبہ کیا۔تقریب سے محمد امانت اللہ ، شیخ محمد لقمان، آغا محمد اکرم نے بھی خطاب میں کشمیریوں سے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ کنوینر سید احسان الحق نے قرارداد منظور کر وائیں جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوامِ متحدہ کی قرارداوں کے مطابق کشمیر میں جلد رائے شماری کرائی جائے۔حکومت پاکستان محصورین کا پاسپورٹ جاری کرے اور ان کی وطن واپسی کے لئے اقدامات کرے۔ تقریب کی نظامت صحافی سید مسرت خلیل نے کی۔ یوم یکجہتی کشمیر پر مقالا بھی پیش کیا۔تلاوت شمس الدین الطاف اور ہدیہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم احمد رضا ہاشمی نے پیش کی۔ شاعر زمرد خاں سیفی اور آغا اکرم نے کشمیری شہداء اور محصورین کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔