Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر ی ہمارے وجو د کا حصہ ہیں ، انکا درد ہمارا درد ہے ، مقررین

 تنازع کے حل کےلئے ہندوستان کی ہٹ دھرمی رکاوٹ ہے ، بلوچستان میں ہند کی مداخلت سے ہر شخص واقف ہے ، ریاض میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب
ریاض ( ذکاءاللہ محسن)کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کےلئے کمیونٹی کی جانب سے ایک تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں سیاسی، سماجی، ادبی اور مذہبی جماعتوں کے علاوہ دیگر مکاتب فکر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی،کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حافظ عبدالوحید کا کہنا تھا کہ کشمیری ہمارے وجود کا حصہ ہیں ۔ اس لئے ہمیں ان کا دردمحسوس ہوتا ہے۔پاکستان نے خطے میں امن قائم کرنے کے لئے متعدد بارمسئلہ کشمیر پر بات کی مگر ہند کی ہٹ دھرمی خطے کے امن کو تباہ کر رہی ہے ۔ہم پاکستانی کشمیر کے ایشو پر متحد ہیں ،رانا عبدالروف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے ہمارا رشتہ کلمے کی بنیاد پر ہے اور اس رشتے میں روز شدت اس وجہ سے بھی آرہی ہے کہ ہند جتنا ظلم کشمیریوں پر کرتا ہے جنت نظیر وادی میں پاکستان سے پیار کرنے والوں کو کشمیر کی سڑکوں، چوراہوں اور گلی محلوں میں پاتا ہے اور ادھر بھی پاکستان کا ہرفرد اپنے کشمیری بھائیوں کے حق میں اور ہند کے خلاف سراپا احتجاج نظر آتا ہے۔وسیم ساجد کا کہنا تھا کہ آج ہند کہتا ہے کہ جو کچھ کشمیر میں ہو رہا ہے وہی بلوچستان میں ہو رہا ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے کیونکہ بلوچستان میں حالات کی خرابی کی اصل وجہ بھی ہند ہی ہے اور اس کا ثبوت بلوچستان سے ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادو کی گرفتاری ہے اس کے علاوہ بلوچستان کے غیور عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ ہندکو دیکھنا ہوگا کہ کس طرح آج بھی کشمیری شہید کے جنازے کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفنایا جاتا ہے اور کس طرح پوری وادی میں الحاق پاکستان کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہوتی ہیں۔ عیسٰی خان نے کہا کہ یوں تو ہم مختلف صوبوں میں رہتے ہیں مگر ہمارا دل کشمیری عوام کے ساتھ ہی دھڑکتے ہیں۔شمشاد احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 سالوں سے ہند، کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے نوجوان ہندوستانی افواج کی گولیوں کے نشانے ہر ہیں، گھروں اور مساجد کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ ہند ظلم وجبر کے ساتھ کشمیریوں کو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کر رہا ہے،جس میں وہ بری طرح ناکام ہے کشمیر واحد ایسا خطہ ہے جہاں 7 لاکھ مسلح ہندوستانی فوج نہتے لوگوں پر گولی برساتی ہے اور ہندوستانی افواج نے15 ملین کشمیریوں کو بندوق کی نوک پریرغمال بنا رکھا ہے اور 70سالوں میں 6 لاکھ کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔اس بھیانک صورتحال کا یقین اب اقوام متحدہ سمیت دیگر امن پسند اور مسلم امہ کو نوٹس لینا چاہئیے اور ہند پر زور ڈالنا چاہئیے کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔ڈاکٹر سعید وینس کا کہنا تھا کہ جتنا ظلم کشمیری عوام پر ہوا ہے اتنا آج تک کسی قوم پر نہیں ہوا۔ پاکستانی حکومت اور عوام مل کر کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وادی کے لوگ بھی یہ جانتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کے بنا تکمیل پاکستان کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔رانا خالد اکرم کا کہنا تھا کہ 5 فروری یقینا تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ ہی کھڑے رہیں گے۔ الیاس رحیم کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کے حوالے سے میڈیا کا کردار بھی بہت اہم رہا ہے اور پوری دنیا نے میڈیا کے ذریعے ہی دیکھا ہے کہ کس طرح ہندوستانی ظلم وستم کی مثالیں رقم کر رہا ہے۔ تقریب سے دیگر مقررین جن میں ریاض راٹھور،فیصل علوی، مخدوم امین تاجر،سردار عبدالباسط، پروفیسر آصف اور دیگر اہم افراد نے بھی اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔

شیئر: