Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خاتون کے قتل، آبروریزی اور بچے کے ساتھ زیادتی پر 4پاکستانیوں کے سر قلم

    ریاض - - - - -  ریاض کے مقامی حکام نے سعودی خاتون کی آبروریزی ، قتل اور بچے کے ساتھ زیادتی پر 4پاکستانیوں کے سر قلم کر کے نشان عبرت بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت حسین اسحاق حسین، ساجد علی اصغر علی، محمد ثاقب محمد وارث علی اور فیصل منیر منیر حسین گھر میں چوری کی نیت سے گھس آئے تھے۔ واردات کی پہلے سے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ لیاقت حسین او رساجد علی نے خاتون خانہ کے ہاتھ پیر باندھ کر اس کا گلا گھونٹا او راسی دوران اس کے ساتھ زیادتی کی جس پر وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ خاتون کے زیورات اور نقدی بھی چرا لی۔ محمد ثاقب او رفیصل منیر نے مقتولہ کے بچے کو باندھ کر اس کے ساتھ زیادتی کی۔ لیاقت اور ساجد نے تعاون کیا۔ دونوں نے  قتل اور زیادتی کی واردات  میں بھی ساتھ دیا۔ چاروں واردات کر کے فرار ہو گئے تھے۔ پولیس نے نشاندہی کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ کے نتیجے میں حقائق سامنے آگئے۔ چاروں نے اقبال جرم کر لیا۔ پولیس نے انہیں فوجداری کی عدالت میں پیش کر دیا جہاں الزام ثابت ہو جانے پر چاروں کو نشان عبرت بنانے کیلئے موت کی سزا سنا دی گئی۔ جمعرات کو ریاض میں سزا نافذ کر دی گئی۔ اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی سزا کی توثیق کر دی تھی جبکہ ایوان شاہی نے فیصلے پر عملدرآمد کا فرمان جاری کر دیا تھا۔

شیئر: