ون ڈے سیریز: جنوبی افریقہ نے بارش سے ملکر ہند کو پنک ون ڈے ہرادیا
جوہانسبرگ: 6ون ڈے کی سیریز کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے ہند کو 5وکٹوں سے ہرا کر سیریز کو 1-3کے نتیجے پر پہنچا دیا تاہم اس میں بارش کا کردار زیادہ اہم رہا۔ا س میچ کی خاص بات پنک ون ڈے تھا ۔ جنوبی افریقہ نے بریسٹ کینسر کے خلاف دنیا میں شعور بیدا رکرنے کیلئے 2011میں ایک مہم کا آغاز کیا تھا جس میں پنک جرسیاں پہن کرکھیلئے سے دنیا بھر کو اس موذی مرض کے بارے میں آگاہی دینا ایک مقصد ہے۔ یہ اس سلسلے کا چھٹا میچ تھا ۔ہند کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50اوورز میں7وکٹوں پر 289رنز بنائے۔شیکھر دھون نے 2چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 109رنز کی سنچری اننگز کھیلی۔کپتان کوہلی نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 7چوکوں کی مددسے 75رنز بنائے جبکہ دھونی کے 42ناٹ آوٹ رنز بھی اننگز میں شامل تھے۔ 290رنز کے ہدف کیلئے جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مرکرام نے ہاشم آملہ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا ۔مرکرام 22رنز بنا کر بمرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ابھی ایک وکٹ پر جنوبی افریقہ نے 43رنز ہی بنائے تھے کہ میزبان ٹیم کو بارش نے سہارا دیا۔جس کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھیڈ کے تحت ہدف کو کم کر کے 28اوورز میں 202کر دیا گیا۔ہدف کم ہوتا دیکھ کر جنوبی افریقہ نے تیزی سے کھیلنا شروع کیا اور26ویں اوور کی تیسری گیند پر207رنز بناتے ہوئے ہدف عبور کر لیا اور ساتھ ہی ہند کے سیریز میں وائٹ واش کامیابی کی جانب اٹھتے قدم بھی روک دئیے ۔ جنوبی افریقہ کی اننگز میں ہاشم آملہ کے 33رنز کے علاوہ ڈیوڈ ملر کے 39اور ہینرچ کلاسن کے 43ناٹ آوٹ اور اینڈلے پھلیکوائے کے 22 ناٹ آوٹ رنز شامل تھے،ہینرچ کلاسن کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔